فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی: لائنز نے اسٹالینز کو کچل دیا

2 1,040

فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی 2011ء کے گروپ اے میں شامل دو فیورٹ ٹیموں کے مابین زبردست مقابلہ ہوا. دفاعی چیمپئین لاہور لائینز کے بلے بازوں نے سیالکوٹ اسٹالینز کے گیند بازوں کی خوب دھلائی کی. پاکستانی قومی ٹیم کے مستند کھلاڑیوں پر مشتمل لائنز نے اپنے تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ابتداء ہی سے اسٹالینز کو قابو کرلیا. اسٹالینز کے کپتان شعیب ملک اور بگ ہٹر عمران نذیر بھی اپنی ٹیم کو 45 رنز کی شکست سے نہ بچاسکے.

لاہور لائنز کے اوپنرز ناصر جمشید اور احمد شہزاد نے 61 گیندوں پر 128 رنز کی برق رفتار شراکت قائم کی (تصویر: پی سی بی)

اسٹالینز کی جانب سے عمران نذیر اور شاہد یوسف نے 219 رنز کے ہدف کا تعاقب بھرپور انداز سے شروع کیا. عمران نذیر نے ٹی ٹوئنٹی کا روایتی انداز اپناتے ہوئے گیند بازوں کی دھنائی شروع کردی. عمران نذیر نے 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے. ساتھی اوپنر شاہد یوسف بھی موقع سے فائدہ اٹھاتے رہے. ان دونوں کھلاڑیوں نے 34 گیندوں پر 66 رنز کی شراکت قائم کر کے اچھی بنیاد رکھنے کی کوشش تاہم ایک رنز کے فرق سے 4 وکٹیں گرنے کے بعد اسٹالینز کے لیے رہی سہی امیدیں بھی دم توڑ گئیں. تاہم بعد میں آنے والے بلے بازوں میں علی خان نے جواں مردی سے لائنز کا مقابلہ کیا اور آخری اوور تک تن تنہا لڑتے رہے. علی خان نے 37 گیندوں پر 67 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیلی جس میں 6 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے. تاہم کوئی دوسرا کھلاڑی علی خان کا ساتھ دیتا ہوا نظر نہیں آیا اور یوں اسٹالینز کی پوری ٹیم ہدف سے 45 رنز دور 173 کے مجموعہ پر ڈھیر ہوگئی. لاینز کی جانب سے عمران علی نے نپی تلی گیند بازی کرتے ہوئے 3 اوورز میں 11 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو چلتا کیا.

میچ سے قبل لاہور لائنز کے کپتان محمد یوسف نے ٹاس جیت کر پہلے خود کھیلنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد تجربکار اوپنرز ناصر جمشید اور احمد شہزاد کی جوڑی نے اسٹالینز کا جوڑ جوڑ ہلا دیا اور محض 61 گیندوں پر 128 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے بڑا مجموعہ اکھٹا کرنے کی راہ ہموار کی. اس دوران احمد شہزاد نے 2 بلند بالا چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے صرف 47 گیندوں پر 74 رنز بنائے. ساتھی اوپنر ناصر جمشید نے بھی 3 چھکوں اور 5 دلکش چوکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر 55 رنز کی اننگ کھیلی. لائنز کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ میں شامل اکمل برادران اور محمد یوسف نے بھی برق رفتاری کا مظاہرہ کیا. خصوصاَ ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ عمر اکمل نے 23 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 43 رنز بنا کر 218 کا پہاڑ جیسا مجموعہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا.

اسٹالینز کی جانب سے عمید آصف نے قدرے بہتر گیند بازی کرتے ہوئے 4 اوورز میں 34 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں. اسٹالینز کی بالنگ لائن میں شامل سرمد انور کے ساتھ لائنز کے بلے بازوں نے بڑا بے رحمانہ سلوک کیا اور ان کے 4 اوورز میں 81 رنز بٹورے. آسٹریلیا کے بگ بیش ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے آل راؤنڈر رانا نویدالحسن کو اسٹالینز کی فائنل الیون میں جگہ نہ دیا جانا بھی حیرت کا باعث ہے.

لاہور لاینز کے اوپنر احمد شہزاد کو دھواں دھار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. انہوں نے ایک وکٹ بھی حاصل کی. لاہور لائنز کی جانب سے عماد علی اور محمد وحید جبکہ سیالکوٹ اسٹالینز کی طرف سے ایاز تصور اور عمید آصف نے اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا. سیالکوٹ اسٹالینز اپنا اگلا میچ 27 جون کو اسی میدان پر حیدرآباد ہاکس کے خلاف کھیلے گی جبکہ دفاعی چیمپئین لاہور لائنز کا مقابلہ بھی اسی روز اسلام آباد لیپرڈز سے ہوگا.

لاہور لائنز بمقابلہ سیالکوٹ اسٹالینز
(25 جون 2011ء)
نتیجہ: لاہور لائنز 45 رنز سے کامیاب
پوائنٹس: لاہور لائنز: 2؛ سیالکوٹ اسٹالینز: 0

لاہور لائنز رنز گیندیں چوکے چھکے
ناصر جمشید ک شعیب ملک ب عمید آصف 55 27 5 3
احمد شہزاد ک ایاز تصور ب عمید آصف 75 47 11 2
کامران اکمل ب عدیل ملک 10 12 1 0
عمر اکمل ناٹ آؤٹ 46 23 4 2
محمد یوسف اسٹمپ شکیل انصار ب عبدالرحمن 13 7 1 1
محمد وحید ب عبدالرحمن 0 1 0 0
سعد نسیم ب عمید آصف 3 5 0 0
عماد علی ناٹ آؤٹ 0 2 0 0
فاضل رنز (4 لیگ بائے؛ 8 وائڈز؛ 8 نوبالز) 20
مجموعہ 20 اوورز؛ 6 کھلاڑی آؤٹ 218
سیالکوٹ اسٹالینز اوورز میڈن رنز وکٹ
عمید آصف 4 0 34 3
سرمد انور 4 0 81 0
عبدالرحمن 4 0 20 2
شعیب ملک 4 0 40 0
عدیل ملک 4 0 39 1
سیالکوٹ اسٹالینز رنز گیندیں چوکے چھکے
عمران نذیر ک عمر اکمل ب سعید نسیم 44 23 2 5
شاہد یوسف اسٹمپ کامران اکمل ب سعد نسیم 18 13 1 1
شعیب ملک ایل بی ڈبلیو ب عمران علی 1 3 0 0
ایاز تصور ک احمد شہزاد ب عمران علی 0 2 0 0
شہزاد ملک ایل بی ڈبلیو عمران علی 10 10 0 1
عبدالرحمن ک عماد علی ب محمد وحید 4 8 0 0
علی خان ک عمر اکمل ب احمد شہزاد 67 37 4 6
عدیل ملک ک سعد نسیم ب عدنان رسول 13 14 1 0
شکیل انصار ک احمد شہزاد ب عدنان رسول 2 5 0 0
عمید آصف ک کامران اکمل ب سعد نسیم 1 2 0 0
سرمد انور ناٹ آؤٹ 0 2 0 0
فاضل رنز (3 لیگ بائے؛ 4 وائڈز؛ 6 نوبالز)
مجموعہ 19.2 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ 173
لاہور لائنز اوورز میڈن رنز وکٹ
اعزاز چیمہ 3 0 36 0
عماد علی 2 0 25 0
سعد نسیم 3 0 23 3
عمران علی 3 0 11 3
محمد وحید 4 0 40 1
عدنان رسول 4 0 29 2
احمد شہزاد 0.2 0 6 1