جب بیٹسمین گم ہونے کی وجہ سے آؤٹ ہوا

0 1,860

کسی بھی عمر کے فرد کے سامنے کسی بلے باز کے آؤٹ ہونے کا ذکر کر دیں۔ پہلا سوال ہی زبان پر یہ ہوگا کہ کیسے آؤٹ ہوا؟ کلین بولڈ؟ کیچ، اسٹمپڈ؟ ایل بی ڈبلیو یا رن آؤٹ؟ کیونکہ آؤٹ ہونے کے پانچ طریقے معروف ہیں، اس لیے عام افراد انہی سے واقف ہیں لیکن کرکٹ میں زیادہ دلچسپی رکھنے والے جانتے ہیں کہ ان کے علاوہ بھی کئی طریقے ایسے ہیں جن کے ذریعے بلے باز آؤٹ ہو سکتا ہے۔ گو کہ ایسے مواقع بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں لیکن قانون بہرحال موجود ہے۔

کرکٹ میں آؤٹ ہونے کے ذرا نادر مواقع ہینڈلڈ دی بال، آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ ، ہٹ وکٹ ، ہٹ دی بال ٹوائس ، ٹائمڈ آؤٹ یا ریٹائرڈ آؤٹ ہیں۔ ہٹ وکٹ ذرا زیادہ مشہور ہے۔ یہ تب آؤٹ ہوتا ہے جب گیند تو وکٹوں کو نہ لگے لیکن کھلاڑی کا بلّا یا ہیلمٹ یا جسم کا کوئی بھی حصہ بیلز گرادے۔ پھر ایک آؤٹ گیند کو ہاتھ سے پکڑنا بھی ہے جسے "ہینڈلڈ دی بال" کہتے ہیں یعنی بغیر اجازت کے اور بغیر مقصد کے گیند کو ہاتھ سے روک دینا یا پکڑ لینا۔ ان کے علاوہ ایک "ہٹ دی بال ٹوائس" ہے جو نام ہی سے ظاہر ہے کہ گیند کو بلے سے ایک بار روک کر یا اچھال کر دوبارہ شارٹ مار دینا یہ بھی آؤٹ کہلائے گا، اس میں بیٹسمین کے ارادے کا عمل دخل ہونا اہم چیز ہے۔ پھر "آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ " یعنی رن آؤٹ ہونے سے بچنے کے لیے گیند کو روکنا یا سادے الفاظ میں فیلڈر کی تھرو میں جان بوجھ کر رکاوٹ بننا یا کسی بھی طرح سے فیلڈر کی حرکت میں رکاوٹ پیدا کرنا آؤٹ ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔

لیکن کرکٹ کی تاریخ میں آؤٹ قرار دیئے جانے کا ایک دلچسپ واقعہ بھی ہے جو 26 اگست 1921 کو پیش آیا تھا۔ یہ انگلینڈ کی کاؤنٹی چیمپیئن شپ کا ایک میچ اوول کے میدان پر کھیلا جا رہا تھا، جس میں سرے اور لیسٹرشائر مدمقابل تھے۔ لیسٹرشائر دوسری اننگز میں 335 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں مصروف تھی اور جب تیسرے دن کا آغاز ہوا تو لیسٹرشائر کے وکٹ کیپر ٹام سڈویل کو ایک رنز سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کرنا تھا مگر وہ اتنی دیر سے میدان میں پہنچے کہ مخالف ٹیم سرے کے کپتان پرسی فینڈر کا غصہ بے قابو ہو چکا تھا۔ انہوں نے اپیل کی اور سڈویل کو آؤٹ قرار دے دیا گیا۔ ویسے تو یہ ٹائمڈ آؤٹ بنتا ہے لیکن اسکور کارڈ پر انہیں ریٹائرڈ آؤٹ لکھا گیا۔

لیکن سڈویل دیر سے آئے کیوں؟ اس کی ایک وجہ تھی۔ ہوا اصل میں یہ کہ صبح اوول آتے ہوئے سڈویل لندن کی زیرِ زمین ریلوے (سب وے) میں گم ہوگئے اور غلط اسٹیشن پر جا اترے۔ واپسی اور صحیح جگہ ڈھونڈنے میں اتنا وقت لگ گیا کہ امپائر نے ان کی جگہ اگلے بیٹسمین کو بلا لیا۔ حقیقت میں وہ "مسنگ آؤٹ" ہوئے۔ بہرحال سڈویل کے نہ کھیلنے کی وجہ سے لیسٹر شائر کو میچ میں 88 رنز سے شکست ہوئی۔ کبھی اس طرح آؤٹ ہونے کے بارے میں سنا ہے؟

tom-sidwell