فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی: مسلسل دوسرا اپ سیٹ؛ ریمز نے وولفز کو ہرا دیا

4 1,032

شائقین کرکٹ ابھی ملتان ٹائیگرز کے ہاتھوں کراچی ڈولفنز کی شکست پر حیران تھے کہ راولپنڈی ریمز نے فیصل آباد وولفز کو ہرا کر شائقین کی حیرت دو چند کردی. ایک ہی روز میں مسلسل دو اپ سیٹس سے فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی کے گروپ بی میں دلچسپ صورتحال پیدا کردی ہے اور اب گروپ میں شامل تمام ٹیمیں یکساں پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پنجہ آزمائی میں مصروف ہیں.

جمال کا کمال - فتح گر چھکے کا منظر (تصویر: پی سی بی)

اقبال اسٹیڈیم، فیصل آباد میں موجود ہزاروں تماشائی مصباح الحق کی قیادت میں اپنی ٹیم کو دیکھنے پہنچے لیکن وولفز کی ٹیم سوائے ٹاس جیتنے کے کوئی خاص کارنامہ انجام نہ دے سکی. ٹیم کے مستند اوپنر محمد حفیظ وولفز کی جانب سے اننگ کی شروعات کی گئی تاہم گزشتہ میچ کی طرح وہ اس بار بھی پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے. بعد میں آنے والے بلے باز محض بلند بالا شاٹ کھیلنے کی کوششوں میں سرگرداں رہے تاہم ان کی کوششوں کو ریمز کے گیند بازوں نے زیادہ دیر پنپنے نہ دیا. وولفز کی جانب سے کپتان مصباح الحق ہی قابل ذکر اننگ کھیل سکے جنہوں نے 42 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے. ان کے علاوہ خرم شہزاد 21 گیندوں پر 21 رنز بنا سکے. یوں وولفز کی ٹیم نے بمشکل 140 رنز کا مجموعہ اکھٹا کیا.

جواب میں ریمز نے اننگ کے آغاز ہی سے اپنی فتح کے در وا کر لیے. اوپنر بلے بازوں اویس ضیاء اور نوید ملک نے 54 گیندوں پر شاندار 91 رنز کی شراکت قائم کر کے ایک مستحکم بنیاد فراہم کی. نوید ملک نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 30 گیندوں پر 55 رنز کی اننگ تراشی جبکہ اویس ضیاء نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے. 91 پر نوید ملک اور پھر اگلے ہی اوور میں 97 کے مجموعہ پر اویس ضیاء کی پویلین واپسی نے وولفز کو میدان میں واپسی کا رستہ فراہم کیا جنہوں نے بھرپور انداز میں کم بیک کرتے ہوئے مزید 4 ریمز کھلاڑیوں کو یکے بعد دیگرے چلتا کیا. 120 کے مجموعہ پر چھٹی وکٹ گرتے ہی میچ کا پلڑا برابر ہوگیا. اس موقع پر ریمز کے جمال انور میدان میں وارد ہوئے اور محض 6 گیندوں پر 1 چھکے اور 3 دلکش چوکوں سے مزین 19 رنز کی اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا. وولفز کی جانب سے بلے بازی میں بری طرح ناکام رہنے والے محمد حفیظ نے قدرے بہتر گیند بازی کرتے ہوئے 3 ریمز شکار کئے.

راولپنڈی ریمز کے بلے بازی نوید ملک کو برق رفتار نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. بڑے اور شہرت یافتہ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کی شکست سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ یہ ٹورنامنٹ نئے اور پرانے قومی کھلاڑیوں کا یکساں امتحان ہے.

گروپ بی کی ٹیموں کے درمیان اگلا مقابلہ 28 جون کو اسی میدان پر ہوگا جب اپ سیٹس کا شکار دونوں ٹیمیں کراچی ڈولفنز اور فیصل آباد وولفز ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی اور بعد ازاں راولپنڈی ریمز کا مقابلہ ملتان ٹائیگرز سے ہوگا.

راولپنڈی ریمز بمقابلہ فیصل آباد وولفز (26 جون 2011ء) اسکور کارڈ
نتیجہ: راولپنڈی ریمز 4 وکٹ سے فتحیاب
پوائنٹس: راولپنڈی ریمز: 2؛ فیصل آباد وولفز: 0

فیصل آباد وولفز رنز گیندیں چوکے چھکے
محمد حفیظ ک محمد رمیز ب سہیل تنویر 0 1 0 0
آصف حسین ک زاہد منصور ب حماد اعظم 13 11 1 1
آصف علی ک جمال انور ب محمد رمیز 14 8 2 1
مصباح الحق ک عمر امین ب سمیع اللہ 36 42 4 0
خرم شہزاد ب رضا حسن 21 21 0 1
علی وقاص ک عمر امین ب سہیل تنویر 14 15 2 0
نوید لطیف ناٹ آؤٹ 16 9 1 1
محمد طلحہ ک سمیع اللہ ب رضا حسن 6 4 0 1
حسن محمود ناٹ آؤٹ 13 9 2 0
فاضل رنز (3 لیگ بائےل 4 وائڈز) 7
مجموعہ 20 اوورز؛ 7 کھلاڑی آؤت 140
راولپنڈی ریمز اوورز میڈن رنز وکٹ
سہیل تنویر 4 0 23 2
محمد رمیز 4 0 40 1
حماد اعظم 3 0 20 1
عمر امین 1 0 2 0
سمیع اللہ 4 0 23 1
رضا حسن 4 0 29 2
راولپنڈی ریمز رنز گیندیں چوکے چھکے
اویس ضیاء ک آصف علی ب محمد طلحہ 37 27 4 2
نوید ملک ک مصباح الحق ب محمد حفیظ 55 30 6 3
عمر امین رن آؤٹ (حسن محمود / محمد حفیظ) 7 9 1 0
عدنان مفتی ک علی وقاص ب محمد حفیظ 1 3 0 0
حماد اعظم ک خرم شہزاد ب محمد حفیظ 1 7 0 0
سہیل تنویر ناٹ آؤٹ 4 7 0 0
زاہد منصور ب نصیر اکرم 2 13 0 0
جمال انور ناٹ آؤٹ 19 6 3 1
فاضل رنز (5 بائے؛ 1 لیگ بائے؛ 6 وائڈز؛ 4 نوبالز) 16
مجموعہ 16.4 اوورز؛ 6 کھلاڑی آؤٹ 142
فیصل آباد وولفز اوورز میڈن رنز وکٹ
محمد طلحہ 4 0 33 1
نصیر اکرم 2 0 23 1
محمد حفیظ 4 0 24 3
ظہور خان 3 0 22 0
حسن محمود 3.4 0 34 0