برسبین ٹیسٹ: آسٹریلوی کپتان پر سابق کھلاڑیوں کی زبردست تنقید

0 1,209

ٹیسٹ میں پاکستان کے سامنے 490 کا ریکارڈ ہدف رکھنے کے باوجود میچ پر گرفت ڈھیلی کردینے پر آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ سابق کھلاڑی مارک ٹیلر نے اسمتھ کی حکمت عملی پر شدید اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کی غلطیوں کے باعث سیریز کا پہلے میچ میں پاکستان کو شکست دینے میں تاخیر ہوئی۔

مارک ٹیلر نے سوال اٹھایا کہ آسٹریلوی کپتان نے پاکستان کو دباؤ میں لینے کی کوشش کیوں نہ کی یہ جانتے ہوئے بھی کہ پانچویں روز کے آغاز پر مہمان ٹیم کو 108 رنز درکار ہیں لیکن اس کی صرف دو ہی وکٹیں باقی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ چوتھے روز کی آخری گیند پر یاسر شاہ کو دیئے گئے رن پر بھی حیران ہیں۔ مارک ٹیلر نے کہا کہ آسٹریلیا کو یاسر شاہ کی وکٹ جلد از جلد حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تھی۔ سابق کھلاڑی کا ماننا ہے کہ یہاں آسٹریلوی کپتان شدید دباؤ کے باعث اپنے اوسان کھوتے ہوئے نظر آئے۔

کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیون اسمتھ نے اسد شفیق کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا موقع ضائع کیا۔ مارک ٹیلر کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانچویں روز کے آغاز پر اسد شفیق 100 رنز پر جمے تھے لیکن یہ ایک نیا دن تھا اور آسٹریلیا کو اس دن کی شروعات نئے سرے سے کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیون اسمتھ کی جانب سے صرف ایک سلپ لینے اور اکثر کھلاڑیوں کو باؤنڈری لائن پر بھیجنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ وکٹ حاصل کرنےکے بجائے رنز بچانے کی زیادہ فکر میں تھے۔

یاد رہے کہ برسبین ٹیسٹ اس وقت دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا کہ جب چوتھے روز پاکستان نے 490 کا ریکارڈ ہدف طے کرتے ہوئے 382 رنز بنالیے اور ایک دن کا کھیل باقی تھا۔ تاہم اگلے روز مچیل اسٹارک کے تباہ کن اوور ہی میں دو وکٹیں گر گئیں جس میں اسد شفیق کی اہم ترین وکٹ بھی شامل تھی۔ گو کہ یہ ٹیسٹ آسٹریلیا نے جیت لیا تاہم پاکستان کی جانب سے زبردست مزاحمت نے اس میچ کو یاد گار بنا دیا۔

آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ کا مکمل احوال جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

steve-smith-australia