ڈیوڈ وارنر کا نام بریڈمین اور ماجد خان کے ساتھ

0 1,023

پاکستان کا دورہ آسٹریلیا کینگرو دستے کے لئے بہت مبارک ثابت ہورہا ہے۔ ایک طرف آسٹریلیا نے سری لنکا اور جنوبی افریقہ سے شکست کا روگ ختم کیا تو دوسری جانب جی بھر کر ریکارڈز پر ریکارڈز بنائے۔ انہی میں سے ایک تازہ ترین ریکارڈ ڈیوڈ وارنر نے اپنے نام کیا ہے۔

سڈنی میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میں اوپنر ڈیوڈ وارنر نے پاکستانی گیندبازوں کی درگت بناتے ہوئے پہلے دن کے پہلے ہی سیشن میں سنچری بنا ڈالی۔ کھانے کے وقفے سے پہلے ہی سنچری بن جانے سے یہ سمجھنا ذرا مشکل نہیں کہ وارنر نے کتنی دھماکے دار اننگز کھیلی۔ رہی بات پاکستانی گیند بازوں کا حال، تو وہ آپ سمجھ ہی گئے ہوں گے۔

تماشائیوں کو خوب محظوظ کرتی اس اننگز میں وارنر نے 78 گیندوں پر 17 چوکے لگائے۔ یہ انداز ٹیسٹ میچ کے لحاظ سے ذرا عجیب لگتا ہے کیونکہ ایسا تو آج کل ایک روزہ میں بھی کم کم دیکھنے کو ملتا ہے۔

david-warner-australia

اس شاندار کارکردگی سے وارنر نے اپنا نام ان چار عظیم بلے بازوں کی فہرست میں شامل کروا لیا جو ٹیسٹ کے پہلے سیشن میں سنچری جڑ چکے ہیں۔ ان میں پاکستان کے ماجد خان، آسٹریلیا کے ڈان بریڈمین، چارلس مکارٹنی اور وکٹر ٹرمپر شامل ہیں۔

یہ تو تھا میچ کا آغاز۔ میچ ابھی جاری ہے آگے آگے دیکھیئے گینگروز شاہینوں کے ساتھ مزید کیسا سلوک کرتے ہیں۔

پہلے سیشن میں سنچری اننگز کھیلنے والے بلے باز

رنز بلے باز مجموعی اننگز ملک مخالف ٹیم مقام سال
103* وکٹر ٹرمپر 104 آسٹریلیا انگلستان مانچسٹر 1902
112* چارلس مکارٹنی 151 آسٹریلیا انگلستان لیڈز 1926
105* ڈان بریڈمین 334 آسٹریلیا انگلستان لیڈز 1930
108* ماجد خان 112 پاکستان نیوزی لینڈ کراچی 1976-77
100* ڈیوڈ وارنر 113 آسٹریلیا پاکستان سڈنی 2016-17