محمد عرفان کو شدید صدمہ

0 1,056

دراز قد پاکستانی گیند باز محمد عرفان کی والدہ انتقال کر گئیں۔ وہ گزشتہ چند دنوں سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ مرحومہ کی تدفین آبائی علاقے گگو منڈی بورے والا میں کی جائے گی۔ محمد عرفان کو چند ماہ میں پہنچنے والا یہ دوسرا صدمہ ہے۔ گزشہ سال 16 ستمبر کو محمد عرفان کے والد دار فانی سے کوچ کر گئے تھے۔

محمد عرفان اس وقت برسبین، آسٹریلیا میں موجود ہیں جہاں انہیں ایک روزہ سیریز میں پاکستانی دستے کی نمائندگی کرنا تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد عرفان کو فی الفور وطن پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ البتہ اس بابت کوئی اعلان نہیں کیا گیا کہ تیز گیند باز کی جگہ کس کھلاڑی کو دستے میں جگہ دی جائے گی۔

والدہ کے انتقال کی خبر آسٹریلیا پہنچنے کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے محمد عرفان سے تعزیت اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی۔

mohammad-irfan-pakistan