عالمی درجہ بندی: پاکستان کی تنزلی؛ کھلاڑیوں کی ترقی!

0 1,034

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کی عالمی ٹیسٹ درجہ بندی جاری کر دی ہے۔ تازہ ترین درجہ بندی میں دو پاکستانی بلے بازوں یونس خان اور اظہر علی کو دس بہترین میں جگہ حاصل ہوگئی ہے جبکہ وہاب ریاض کو 20 بہترین گیند بازوں میں شامل ہونے کا موقع ملا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بدترین شکست کے بعد ٹیموں کی درجہ بندی میں پاکستان کو شدید تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔ سیریز سے قبل عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر موجود پاکستان اب آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کےبعد نمبر پانچ پر جا گرا ہے۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اظہر علی اور یونس خان کی بہتر انفرادی کارکردگی نے انہیں فائدہ پہنچایا اور وہ بالترتیب دنیا کے چھٹے اور ساتویں بہترین بلے باز شمار کیے جانے لگے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں کی بات کریں تو اسد شفیق 23، سرفراز احمد 24 اور کپتان مصباح الحق 25 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ پہلے، انڈین کپتان ویرات کوہلی دوسرے اور انگلینڈ کے جوئے روٹ تیسرے نمبر پر قابض ہیں۔

گیندبازوں کی عالمی درجہ بندی میں کوئی بھی پاکستانی گیند باز دس بہترین میں شامل نہیں۔ یاسر شاہ اور وہاب ریاض درجہ بندی میں بالترتیب 17ویں اور 20 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ یہ صورتحال پاکستان کے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ جس کی گیندبازی کو مضبوط ترین شعبہ قرار دیا جاتا رہا ہے۔ دوسری طرف بھارت کے متعلق تاثر تھا کہ گیند بازی کے شعبے میں زیادہ باصلاحیت کھلاڑی موجود نہیں مگر موجودہ درجہ بندی میں تین بہترین میں سے دو بھارتی شامل ہیں۔ پہلے نمبر پر روی چندر آشون، دوسرے پر رویندرا جدیجا جبکہ آسٹریلیا کے ہیزلووڈ تیسرے نمبر پر ہیں۔

wahab-riaz-misbah-ul-haq