انگلستان کا آل راؤنڈ کھیل؛ سری لنکا کو 110 رنز سے شکست

1 1,046

پانچ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں انگلستان نے سری لنکا کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 110 رنز کے بڑے فرق سے فتح اپنے نام کی. تاریخی اوول گراؤنڈ پر بارش سے متاثر یہ میچ 32 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا جس میں انگلستانی ٹیم نے کریگ کیزویٹر کے برق رفتار 61 رنز کی بدولت 229 رنز بنائے. جواب میں سری لنکن ٹیم صرف 121 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی جس کا سہرا تیز انگلستانی گیند باز جیمز اینڈرسن کے سر جاتا ہے.

سری لنکا کے لیے تباہی کا پیغام لانے والے جیمز اینڈرسن وکٹ حاصل کرنے پر مسرور (تصویر: گیٹی امیجز)

ڈک ورتھ لوئس طریقہ کے ذریعہ دیا جانے والا 232 رنز کا ہدف ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں سری لنکا کی تجربکار اور مستند بلے بازوں کے سامنے کچھ زیادہ محسوس نہ ہوتا تھا تاہم اننگ کے پہلے ہی دو اوورز میں دونوں اوپنرز کی پویلین واپسی نے حقیقی معنی میں سری لنکن بیٹنگ لائن کی تباہی کا دھانہ کھول دیا. فٹنس ٹیسٹ پاس کرکے شامل ہونے والے کپتان دلشان (1) اور اپنا آخری ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ کھیلنے والے سری لنکن اوپنر سنتھ جے سوریا (2) بھی اس بار ٹیم کے لیے کچھ خاص کارنامہ انجام دیے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے. انگلستانی گیند باز جیمز اینڈرسن نے پہلے ہی اسپیل میں سری لنکا کی ابتدائی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھا کر میچ پر انگلستان کی گرفت مزید مضبوط کردی. دوسری جانب دیگر انگلستانی گیند بازوں خصوصاَ گریم سوان اور نوآموز جیڈ ڈیرنباخ نے بھی نپی تلی گیندوں سے بلے بازوں کو پریشان کیے رکھا. سری لنکا کی جانب سے لسیتھ ملنگا (24) اور سورج رندیو (26) کے درمیان نویں وکٹ کی شراکت میں 52 رنز جوڑے تاہم اس وقت تک میچ پوری طرح سری لنکا کے ہاتھ سے نکل کر انگلستان کے حق میں ہوچکا تھا جس کے گیند بازوں نے 27 ویں اوور میں 121 پر آئی لینڈرز کی بساط لپیٹ دی.

اس سے قبل بارش کے بعد میچ شروع ہوا تو سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی. انگلستان کو پہلا نقصان 6 کے مجموعہ پر ہوا جس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز کریگ کیزویٹر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور جوناتھن ٹراٹ (23) و کیون پیٹرسن (26) کے ہمراہ برق رفتار شراکت داری قائم کی. 142 کے مجموعی اسکور پر کریگ کیزویٹر آؤٹ ہوئے تو وہ 56 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا چکے تھے. ان کے بعد ایون مورگن اور ٹم برسنین نے بھی سینئر کھلاڑیوں کی حکمت عملی اپناتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا. دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 45 اور 23 رنز کی مختصر اننگز کھیلی اور انگلستان کو 229 کا مجموعہ اکھٹا کرنے میں اہم کردار ادا کیا.

انگلستان کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے بہترین گیند بازی کرتے ہوئے 5 اوورز میں 18 رنز دے کر 4 سری لنکن کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی. اس فتح گر کارکردگی پر اینڈرسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. سری لنکا کی جانب سے لسیتھ ملنگا سب سے کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے 7 اوورز میں 40 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں. مہمان ٹیم کے نقطہ نگاہ سے اس میچ کی خاص بات سری لنکا کے لیجنڈ کھلاڑی سنتھ جے سوریا کی ریٹائرمنٹ تھی.

انگلستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ یکم جولائی بروز جمعہ کو لیڈز میں کھیلا جائے گا. پہلے میچ میں فتح حاصل کر کے میزبان ٹیم نے سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کرلی ہے.

نیٹ ویسٹ سیریز (پہلا میچ) انگلستان بمقابلہ سری لنکا
تاریخ: (28 جون 2011ء) مقام: کیننگٹن اوول، لندن
نتیجہ: انگلستان 110 رنز سے کامیاب (بذریعہ ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار)
میچ کا بہترین کھلاڑی: جیمز اینڈرس (انگلستان)

انگلستان رنز گیندیں چوکے چھکے
ایلسٹر کک ک کمار سنگاکارا ب لسیتھ ملنگا 5 3 1 0
کریگ کیزویٹر ک سورنگا لکمل ب سورج رندیو 61 56 4 2
جوناتھن ٹروٹ ایل بی ڈبلیو سورنگا لکمل 23 24 5 0
کیون پیٹرسن ک تلکرتنے دلشان ب جیوان مینڈس 26 24 3 0
ایون مورگن ک تھلینا کندمبے ب سورنگا لکمل 45 35 6 0
ایان بیل ایل بی ڈبلیو سنتھ جے سوریا 12 16 1 0
ٹم بریسنن ایل بی ڈبلیو لسیتھ ملنگا 23 14 4 0
اسٹورٹ براڈ ک تھلینا کندمبے ب لسیتھ ملنگا 13 19 0 0
گریم سوان ناٹ آؤٹ 2 2 0 0
فاضل رنز (1 بائے، 7 لیگ بائے، 10 وائڈز، 1 نوبال) 19
مجموعہ 32 اوورز؛ 8 کھلاڑی آؤٹ 229
سری لنکا اوورز میڈن رنز وکٹ
لسیتھ ملنگا 7 0 40 3
نوان کولاسکرا 6 1 31 0
سورنگا لکمل 7 0 52 2
سنتھ جے سوریا 6 0 46 1
سورج رندیو 4 0 34 1
جیوان مینڈس 2 0 18 1
سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
تلکرتنے دلشان ک ٹم بریسنن ب جیمز اینڈرس 1 2 0 0
سنتھ جے سوریا ک ایون مورگن ب ٹم بریسنن 2 4 0 0
مہیلا جے وردھنے ایل بی ڈبلیو جیمز اینڈرسن 5 11 0 0
کمار سنگاکارا ک و ب جیمز اینڈرسن 4 10 1 0
تھیلنا کندمبے ک اسٹورٹ براڈ ب جیڈ ڈیرنباخ 19 48 1 0
انجیلو میتھیوس ک جیمز اینڈرسن ب جیڈ ڈیرنباخ 16 16 3 0
جیوان مینڈس ک جیمز اینڈرسن ب گریم سوان 9 15 0 0
نوان کولاسکرا ک ایلسٹر کک ب جیمز اینڈرسن 5 14 0 0
سورج رندیو اسٹمپ کریگ کیزویٹر ب گریم سوان 24 27 3 0
لسیتھ ملنگا ک (روی بوپارا) ب گریم سوان 26 15 4 1
سورنگا لکمل ناٹ آؤٹ 0 0 0 0
فاضل رنز (2 لیگ بائے، 8 وائڈز) 10
مجموعہ 27 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ 121
انگلستان اوورز میڈن رنز وکٹ
جیمز اینڈرسن 5 0 18 4
ٹم بریسنن 6 0 26 1
اسٹورٹ براڈ 6 0 32 0
جیڈ ڈیرنباخ 5 0 25 2
گریم سوان 5 0 18 3