شاہینوں کے دورہ ویسٹ انڈیز کا شیڈول جاری

0 1,078

کیا ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کا طے شدہ دورہ کرے گی؟ کیا نجم سیٹھی کے اعلان کے مطابق مارچ میں پاکستانی میدان ایک مرتبہ پھر آباد ہوسکیں گے؟ یہ اور اس جیسے بے شمار سوالات کا جواب تو ابھی تک نہیں مل سکا تاہم رواں سال مارچ کے اختتام پر شاہین دستے کی ویسٹ انڈیز کا دورہ طے پاگیا ہے۔ سات ہفتوں پر مشتمل اس طویل دورے میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹی ٹوینٹی، 3 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ سال 2013 میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا۔ وہاں کھیلے گئے 5 ایک روزہ میچوں میں مہمان ٹیم کو 3-1 سے کامیابی حاصل ہوئی۔ علاوی ازیں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوینٹی سیریز میں بھی کلین سویپ کیا۔ ٹیسٹ مقابلوں کی بات کریں تو دونوں ٹیمیں اب سے 5 سال قبل یعنی سال 2011 میں آخری مرتبہ کیربین کے میدانوں میں مدمقابل آئی تھیں۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کہ گزشتہ سال پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی میزبانی کی تھی۔ اس دورے کے تمام ہی مقابلے متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے۔ اپنے عارضی گھر میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی خوب تواضع کی اور ایک روزہ سمیت ٹی ٹونٹی میں کلین سویپ کرنے کے علاوہ ٹیسٹ سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کی۔

اس جائزے کے بعد خوش گمانی کی جا سکتی ہے کہ دورہ ویسٹ انڈین شاہینوں کے لئے قدر آسان ثابت ہوگا اور اسی لیے مثبت نتائج کی امید بھی رکھی جاسکتی ہے۔ اس دورہ کی شروعات دو ٹی ٹوینٹی مقابلوں سے ہوگی جو بالترتیب 31 مارچ اور 2 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز اور پاکستان کا ٹاکرا 3 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز میں ہوگا۔ اس سیریز کا پہلا میچ 7، دوسرا 9 جبکہ تیسرا 11 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز کے پہلے دو میچ 22 اور 31 اپریل جبکہ تیسرا و آخری ٹیسٹ 10 مئی کو کھیلا جائے گا۔

pakistan-westindies