اظہر علی بھی زخمی؛ محمد حفیظ قیادت کریں گے

0 1,066

پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ ایک طرف آسٹریلیا کی ٹیم عزت بچانے کا کوئی موقع فراہم نہیں کر رہی تو دوسری طرف قسمت بھی پاکستان سے منہ موڑے بیٹھی ہے۔

ایک روزہ سیریز سے قبل ہی پاکستان کو تیز گیندباز محمد عرفان سے محروم ہونا پڑا۔ محمد عرفان کو والدہ کے انتقال کی وجہ سے پاکستان لوٹنا پڑا۔ کچھ ہی دنوں بعد مشکل وقت کے بہترین مددگار وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو بھی والدہ کی بیماری کے باعث وطن لوٹنا پڑا۔ ان دونوں ہی کھلاڑیوں کی موجودگی آسٹریلیا کے خلاف پہلے ایک روزہ مقابلے میں شدت سے محسوس کی گئی۔

بات یہی ختم نہیں ہوئی۔ پھر پاکستانی بلے بازی کے اہم رکن شعیب ملک بھی فٹنس مسائل کا شکار ہو گئے ہیں۔ گو کہ وہ آسٹریلیا میں ٹیم کے ہمراہ موجود ہیں تاہم گلے میں انفیکشن کی وجہ سے ان کی دوسرے ایک روزہ میچ میں شرکت مشکوک ہے۔

قسمت کی اس ستم ظریفی کے تازہ ترین شکار کپتان اظہرعلی بنے ہیں۔ وہ پہلے مقابلے میں بلے بازی کرتے ہوئے ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک مرتبہ میدان سے باہر چلے جانے کے بعد انہیں باقی ماندہ اننگز کھیلنے کے لیے دوبارہ پچ پر آنا پڑا۔ بعد ازاں اظہر علی کے زخمی ہوجانے سے متعلق جو خبریں موصول ہوئیں وہ پاکستان ٹیم کے لیے کسی بڑے دھچکے سے کم نہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا امجد حسن کے مطابق کپتان اظہر علی کی تکلیف اچانک بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اظہر علی کا اسکین ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے جس کی رپورٹ حوصلہ افزاء نہیں اور اب ٹیم کے کپتان اگلے دو میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ اس حوالے سے بھی صرف امید ہی کی جا رہی ہے کہ علاج اور آرام کے بعد اظہر علی سڈنی اور ایڈیلیڈ میں طے شدہ آخری دو میچوں میں دستیاب ہوں گے۔

اظہر علی کی عدم موجودگی میں سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ اگلے دونوں مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان ٹیم پہلے ایک روزہ میں کیگروز کے ہاتھوں 92 رنز سے شکست کھا چکی ہے اور سیریز کا دوسرا مقابلہ 15 جنوری اتوار کو کھیلا جائے گا۔

mohammad hafeez