مشفق ہسپتال میں، بنگلہ دیش کو ڈرامائی شکست

0 1,090

نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ناقابلِ یقین انداز میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ بنگلہ دیش کے لیے اس سے بڑی خفت کون سی ہوگی کہ اس نے پہلی اننگز 595 رنز پر ڈکلیئر کی تھی لیکن پھر بھی میچ بچا نہ سکا۔ بلاشبہ یہ کرکٹ تاریخ کا وہ سب سے بڑا مجموعہ ہے جس کے بعد کسی ٹیم کو شکست ہوئی ہو۔ لیکن آخری روز اس سے بھی بڑی پریشانی بنگلہ دیش کو اپنے کپتان کے حوالے سے ہوئی جو شدید زخمی ہونے کے بعد ہسپتال پہنچ گئے۔

ویلنگٹن ٹیسٹ کے پانچویں دن کیوی گیندباز ٹم ساؤتھی کے باؤنسر سے بچنے کی کوشش ناکام ہوئی اور گیند سیدھا مشفق کے سر کے پچھلے حصے میں لگی۔ تکلیف کی شدت سے وہ چند ہی لمحوں میں زمین پر گرگئے۔ ابتدائی طبی امداد کے لیے دونوں ٹیموں کا عملہ پہنچا اور تماشائیوں سمیت ناظرین میں بھی اس وقت تشویش کی لہر دوڑ گئی جب ایمبولنس کو میدان میں اترتے دیکھا گیا۔ کچھ دیر بعد انہیں اسٹریچر کے ذریعے باہر لایا گیا اور بذریعہ ایمبولنس قریب واقع ویلنگٹن ہسپتال پہنچایا گیا۔

بنگلہ دیش کے تجربہ کار بلے باز تمیم اقبال نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ میری فون پر مشفق سے بات ہوگئی ہے، پریشانی کی بات نہیں ہے۔ بنگلہ دیشی کپتان بہتر اور مکمل طور پر ہوش میں ہیں۔ انہیں احتیاطاً ہسپتال لے جایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ مشفق پہلے ہی زخمی انگلی کے ساتھ بلے بازی کر رہے تھے، ایک طرف جہاں اس چوٹ نے انہیں گھائل کیا ہے، وہیں پر بنگلہ دیش کی شکست سے بھی دل ٹوٹ گیا ہوگا۔