بلند حوصلہ پاکستان کا مقابلہ کرنے کے لیے "تین بہادر" طلب

0 1,174

پاکستان کے ہاتھوں سیریز کا دوسرا ون ڈے ہارنے کے بعد آسٹریلیا کے لیے تیسرا مقابلہ خاص اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مچل مارش، مچل اسٹارک اور کرس لِن کے متبادل کے لیے موثر کھلاڑیوں کی کھوج کی گئی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق متبادل کھلاڑیوں میں سے ایک پیٹرز ہینڈس کومب ہیں جو کہنی کی تکلیف میں مبتلا کرس کی جگہ چوتھے نمبر پر بلے بازی کریں گے۔ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں رنز کے انبار لگانے کے بعد ہینڈس کومب پرتھ میں ہونے والے مقابلے سے اپنے ایک روزہ کیریئر کا بھی آغاز کریں گے۔

دوسرے کھلاڑی تیز گیند باز اسٹین لیک ہیں جنہیں مچل اسٹارک کی جگہ تیسرے ون ڈے کے لیے ایک مرتبہ پھر طلب کیا گیا ہے۔ بلی نے سیریز کا ابتدائی مقابلہ کھیل کر اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اب یہ ان کا دوسرا ون ڈے ہوگا۔

کوچ ڈیرن لیمین کا کہنا ہے کہ کسی بھی ٹیم کے لیے ابتدائی چار بلے باز بہت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں کیونکہ اکثر پورے میچ کا دارومدار ان کی کارکردگی پر ہوتا ہے۔ اس لیے کرس لِن کی بدقسمتی ہے کہ وہ باقی سیریز نہیں کھیل سکیں گے جبکہ ہینڈس کومب کے لیے یہ خود کو منوانے کا بہترین موقع ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ بھرپور نتائج دے گا۔ ٹیسٹ سیریز میں کومب کی معیاری بلے بازی نے سب کو متاثر کیا تھا اور ٹیسٹ ہونے باوجود پیٹر کی ایک اننگز ون ڈے جیسی تیز تھی۔ امید ہے کہ وہ اسی ردھم کو ایک روزہ میں بھی قائم رکھے گا۔ جہاں تک بلی اسٹین لیک کا تعلق ہے، انہوں نے ابتدائی مقابلے میں صرف تین اوورز کروائے تھے لیکن طویل قامت نے ان کی اہمیت بڑھائی ہے اور ہمیں اس کا فائدہ اٹھانا ہے کیونکہ اونچائی سے کیے گئے باؤنسر کھیلنا مقابل بلے بازوں کے لیے ہرگز آسان نہیں ہوگا۔

پیٹر ہینڈس کومب آسٹریلیا کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ کھیلنے والے 229 ویں کھلاڑی ہوں گے۔ وہ اسٹین لیک اور کرس لِن کے بعد تیسرے کھلاڑی ہوں گے جنہوں نے سیریز میں اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا پاکستان کے مابین پانچ ایک روزہ سیریز اس وقت ایک-ایک سے برابر ہے جبکہ تیسرا میچ دونوں کے لئے برتری حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

Peter-Handscomb