حفیظ کی 'دو دن کی حکمرانی' ختم، اظہر علی کی واپسی

0 1,042

محمد حفیظ کی 'دو دن کی حکمرانی' بالآخر اپنے اختتام کو پہنچی، میلبرن میں تاریخی فتح اور پھر پرتھ میں مایوس کن شکست دامن میں سمیٹنے کے بعد اب اظہر علی کی صحت یابی کے ساتھ ہی ٹیم پاکستان کی کمان ایک مرتبہ پھر واپس چلی گئی ہے۔

پاکستان کے ایک روزہ کپتان اظہر علی 13 جنوری کو برسبین میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میں زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد اگلے دونوں میچز نہیں کھیل سکے۔ ان کی جگہ تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کو کپتان بنایا گیا تھا۔ حفیظ کی قیادت میں پاکستان نے میلبرن میں چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی لیکن دوسرے مقابلے میں یہ تسلسل برقرار نہ رکھ سکا۔ میزبان کے ہاتھوں 7 وکٹوں کی شکست کے بعد اب سیریز دو-ایک سے آسٹریلیا کے حق میں ہے اور دو مقابلے ابھی باقی ہیں۔

اظہر علی کے دوبارہ فٹ ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے اور وہی آخری دونوں میچز میں قیادت سنبھالیں گے۔ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ اظہر کی واپسی سے بیٹنگ لائن بھی مضبوط ہوگی اور ٹیم کو یقیناً فائدہ ہوگا۔

اظہر علی نے صحت یابی کے بعد پریکٹس شروع کردی ہے۔ وہ رننگ اور فیلڈنگ میں بھی تکلیف محسوس نہیں کر رہے۔ اس لیے امید ہے کہ وہ اتوار کو چوتھے اور اہم مقابلے میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ پاکستان کے پاس اب سیریز میں برقرار رہنے کے لیے چوتھا میچ جیتنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔ یہ مقابلہ سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

Azhar-Ali