پاکستان نمبر ایک سے نمبر چھ پر

0 1,025

ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کے بعد پاکستان ٹیسٹ میں بھی بہت تیزی سے زوال پزیر ہے۔ تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے مطابق مسلسل چھ شکستوں کے بعد شاہین چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا نے تین میچز کی سیریز میں ذلت آمیز شکست دے کر پاکستان کو پانچویں درجے پر لا کھڑا کردیا تھا اور جو کسر رہ گئی تھی وہ نیوزی لینڈ کے بنگلہ دیش کے خلاف کلین سویپ نے پوری کردی۔ یوں نیوزی لینڈ نے ایک پوائنٹ کی برتری حاصل کرکے پاکستان کو پانچویں مقام سے بھی محروم کردیا ہے۔

چند ماہ قبل، ابھی اگست میں ہی، پاکستان عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک بنا تھا۔ جس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز سے کم بختی کا آغاز ہوا۔ شارجہ میں ہونے والے آخری ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست ہوئی اور اس کے بعد سے اب تک پاکستان کوئی ٹیسٹ نہيں جیتا۔ نیوزی لینڈ کے دورے پر دونوں میچز میں شکست نے شاہینوں کے اعصاب شل کردیے۔ جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آسٹریلیا جیسے مشکل دورے پر پاکستان کے کھلاڑی شکست خودہ ذہنیت اور تھکے ماندے جسم کے ساتھ پہنچے۔ کینگروز نے ان پر ہر گز ترس نہیں کھایا اور تینوں مقابلوں میں واضح برتری سے کامیابی حاصل کرکے ایک اور دورۂ آسٹریلیا کو بھیانک خواب میں بدل دیا۔ اب پاکستان درجہ بندی میں ایسے نیچے آ رہا ہے جیسا پہاڑ کی چوٹی سے پتھر کو لڑھکا دیا گیا ہو۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں بھارت 120 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ آسٹریلیا 109 کے ساتھ دوسرے اور جنوبی افریقہ 107 پوائنٹس حاصل کرکے تیسرے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے بالترتیب 98 اور 97 پوائنٹس ہیں اور وہ پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔