معین علی پی ایس ایل سے دستبردار

0 1,048

انگلش کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر بلے باز معین علی نے پاکستان سپر لیگ (PSL) کے دوسرے سیزن میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔ وہ اپنے خاندان کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کا ارادہ رکھتے ہیں اور اسی مصروفیت کے باعث وہ پی ایس ایل کا حصہ نہیں بن پائیں گے۔ معین علی اس وقت بھارت میں موجود ہیں اور مزبان ٹیم کے خلاف جاری سیریز مکمل کرنے کے بعد عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

معین علی نے سال 2016ء کے دوران 17 ٹیسٹ میچز اور 41 ایک روزہ مقابلوں میں انگلستان کی نمائندگی کی۔ اس سے قبل معین علی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2016 سے بھی دستربردار ہوچکے ہیں جس کی وجہ قومی ٹیم کا سخت شیڈول اور انگلش کرکٹ بورڈ کے تحفظات رہے۔

سال 2017ء بھی معین علی کے لیے ایک کٹھن سال ثابت ہونے والا ہے۔ رواں سال وہ نہ صرف چمیئنزٹرافی میں انگلستان کی نمائندگی کریں گے، بلکہ ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور پھر آسٹریلیا کے خلاف ایشیز سریز میں بھی انگلش ٹیم کا حصہ بننے کے لیے پرامید ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن میں معین علی کو کوئٹہ گلیڈیئٹرز کی نمائندگی کرنا تھی۔ کوئٹہ گلیڈیئٹر نے معین علی کی دستبرداری کے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈیئیٹرز نے ان کی جگہ آسٹریلوی ٹی ٹونٹی اسپشلسٹ بریڈ ہوج کو شامل کر لیا ہے جو کہ پہلے سیزن میں پشاور زلمی کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔

moeen-ali-england-wc2015