اسکاٹ لینڈ نے نیدرلینڈز کو کلین سوئپ کردیا

0 1,036

کائل کوئٹزر کی ایک اور عمدہ اننگ کی بدولت اسکاٹ لینڈ نے نیدرلینڈز کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بھی شکست دے کر سیریز 2-0 سے جیت لی۔

اسکاٹ لینڈ کے شہر ابرڈین کے مینوفیلڈ پارک میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیتا لیکن اس مرتبہ پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور ابتداء ہی میں بہت ہی عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے نیدرلینڈز کی فتوحات کے امکانات کا خاتمہ کر دیا۔ نیدرلینڈز کی ابتدائی تباہی کے سب سے بڑے ذمہ دار سفیان شریف تھے جنہوں نے مائيکل سوارٹ، ویزلے باریسی اور وینو تیواری کی صورت میں تینوں ابتدائی وکٹیں حاصل کی اور دوسرے اینڈ نے گورڈن گوڈی نے نیل کروگر اور ٹوم ڈی گروتھ کو ٹھکانے لگا کر محض 48 پر نیدرلینڈز کے 5 ابتدائی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی۔

اس موقع پر ٹام کوپر کی صورت میں امید کی ایک کرن موجود تھی لیکن 54 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی رچی بیرنگٹن کی واحد وکٹ بن گئے اور یوں نیدرلینڈز کا کوئی بہت بڑا ہدف دینے کی آخری امید بھی دم توڑ گئی۔ لیکن حیران کن طور پر نیدرلینڈز نے بھرپور فائٹ بیک کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں مزید تین وکٹیں گرنے دیں اور اسکور میں 124 رنز کا اضافہ کیا اور یوں جب پہلی اننگ ختم ہوئی تو نیدرلینڈز کا اسکور 9 وکٹوں پر 180 رنز تھا۔ پیٹر بورن 107 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ مدثر بخاری نے 28 اور ٹام ہیگل مین نے 22 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

سفیان شریف نے 4 جبکہ گورڈن گوڈی نے 3 وکٹیں حاصل کی۔ ایک وکٹ بیرنگٹن کے ہاتھ لگی۔

جواب میں اسکاٹ لینڈ کا آغاز بھی لڑکھڑاہٹ کے ساتھ ہوا جسے پہلے اوور کی دوسری گیند پر مدثر بخاری کے ہاتھوں فریزر واٹس کی وکٹ کھونا پڑی جبکہ مدثر نے 14 کے مجموعی اسکور پر کیلم میک لیوڈ کو بھی ٹھکانے لگا دیا۔ کائل کوئٹزر نے جوش ڈیوی کے ساتھ مل کر اننگ کی بحالی کی کوشش کی اور کسی حد تک اس میں کامیاب بھی ہوئے لیکن 17 ویں اوور میں بارش نے میچ کو آ لیا اور اسے روک دیا گیا۔

بعد ازاں ڈک ورتھ لوئس طریق کار کے تحت اسکاٹ لینڈ کا ہدف 41 اوورز میں 162 رنز کر دیا گیا۔ جب اننگ کا دوبارہ آغاز ہوا تو محض تیسرے اوورز میں ڈیوی 30 رنز بنانے کے بعد ہیگل مین کا نشانہ بن گئے ۔ انہوں نے تیسری وکٹ پر کوئٹزر کے ساتھ 57 رنز کا قیمتی اضافہ کیا۔ کوئٹزر نے 63 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ کیونکہ ہدف بہت کم تھا اس لیے کسی اور کھلاڑی کی جانب سے بڑی اننگ نہ کھیلنے کے باوجود اسکاٹ لینڈ 40 ویں اوور کی پہلی گیند پر میچ جیتنے میں کامیاب ہو گیا۔ کوئٹزر 89 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ انہوں نے 99 گیندوں پر 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے یہ یادگار اننگ کھیلی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے مدثر بخاری نے 3 جبکہ ہیگل مین نے دو وکٹیں حاصل کی۔

اسکاٹ لینڈ بمقابلہ نیدرلینڈز
تاریخ: 30 جون 2011ء مقام: مینوفیلڈ پارک، ابردین
نتیجہ: اسکاٹ لینڈ 5 وکٹ سے فتحیاب

نیدرلینڈز رنز گیندیں چوکے چھکے
مائیکل سوارٹ ایل بی ڈبلیو سفیان شریف 3 10 0 0
ویسلے بیراسی ک کائل کوئٹزر ب سفیان شریف 9 17 1 0
ونو تیواری ک گریگور میڈن ب سفیان شریف 4 22 0 0
ٹام کوپر ب رچی بیرنگٹن 26 36 3 0
نیل کروگر ک گورڈن ڈرومنڈ ب گورڈن گوڈی 5 20 0 0
ٹام گروتھ ک گریگور میڈن ب گورڈن گوڈی 3 5 0 0
پیٹر بورن ناٹ آؤٹ 71 107 5 0
ٹام ہیگلمین ک گریگور میڈن ب گورڈن گوڈی 22 61 0 0
مدثر بخاری ک گورڈن گوڈی ب سفیان شریف 28 21 1 1
پیٹر سیلر ناٹ آؤٹ 1 1 0 0
فاضل رنز (3 لیگ بائے، 5 وائڈز) 8
مجموعہ 50 اوورز؛ 9 کھلاڑی آؤٹ 180
اسکاٹ لینڈ اوورز میڈن رنز وکٹ
گورڈن ڈرومنڈ 9 0 46 0
سفیان شریف 8 1 27 4
جوش ڈیوے 3 0 13 0
گورڈن گوڈی 7 1 18 3
رچی بیرنگٹن 5 0 18 1
ماجد حق 10 0 19 0
کائل کوئٹزر 8 1 36 0
اسکاٹ لینڈ رنز گیندیں چوکے چھکے
فریزر واٹس ک ویسلے بیراسی ب مدثر بخاری 0 2 0 0
کائل کوئٹزر ناٹ آؤٹ 89 99 11 1
کولم میک لیڈ ب مدثر بخاری 2 14 0 0
جوژ ڈیوے ک پیٹر بورن ب ٹام ہیگلمین 30 54 3 0
نئل میکولم ک ٹام کوپر ب ٹام ہیگلمین 19 32 2 0
رچی بیرنگٹن ک ٹام کوپر ب مثر بخاری 10 20 0 0
گریگور میڈن ناٹ آؤٹ 12 14 1 0
فاضل رنز () 0
مجموعہ 39.1 اوورز؛ 5 کھلاڑی آؤٹ 162
نیدرلینڈز اوورز میڈن رنز وکٹ
مدثر بخاری 9 1 21 3
احسن ملک 8 0 45 0
پیٹر بورن 7 0 25 0
پیٹر سیلر 6.1 0 20 0
ٹام ہیگلمین 7 0 34 2
ٹام کوپر 2 0 17 0