پی سی بی نے گول میز کانفرنس طلب کرلی

0 1,043

سیاسی مقاصد کے لئے گول میز کانفرنس کا انعقاد تو سب سے سنا اور دیکھا ہوگا، لیکن کرکٹ کی بہترین کے لیے گول میز کانفرنس؟ یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی اختراع ہے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے 6 اور 7 مارچ کو لاہور میں ایک دو روزہ گول میز کانفرنس طلب کی ہے جس میں سابق اور موجودہ کرکٹرز کو مدعو کیا جائے گا۔

جن کھلاڑیوں کو دعوت نامہ بھیجنے کا فیصلہ ہوا ہے، ان میں سب سے بڑا نام عمران خان کا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مصباح الحق، یونس خان، وقار یونس، وسیم اکرم، ظہیر عباس، وسیم باری، شعیب اختر، عامر سہیل، جاوید میاں داد، راشد لطیف، رمیز راجہ، معین خان، عبدالقادر، عاقب جاوید، اقبال قاسم، بازید خان اور سعید اجمل نمایاں ہیں۔چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ڈائریکٹر مدثر نذر گول میز کانفرنس کے شریک چیئر ہوں گے جبکہ مشتاق احمد کوآرڈی نیٹر کی ذمہ داری ادا کریں گے۔

کانفرنس کے ایجنڈے میں قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری، ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے، پچوں کے معیار میں بہتری، نیشنل اور جونیئر ٹیموں کی کوچنگ اور غیر ملکی ٹیموں کے دورہ پاکستان پر گفتگو شامل ہے۔

اس گول میز کانفرنس کے انعقاد سے امید کی جا سکتی ہے کہ سابق اور موجودہ کھلاڑی کے تجربات کی روشنی میں جو آرا سامنے آئیں گی وہ ڈومیسٹک کرکٹ اور بورڈ کے نظام میں بہتری کا سبب ضرور بنیں گی۔

PCB-Headquarter