پی ایس ایل فائنل لاہورمیں، غیر ملکی کھلاڑی اعتماد میں

0 1,045

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کے فائنل کا لاہور میں انعقاد گویا اب حتمی فیصلہ بن چکا ہے اور انتظامہ اب تک اس حوالے سے مکمل یکسو نظر آ رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے خدشات ختم کرنے کے لیے جتن کرتی دکھائی بھی دے رہی ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز ایک غیر رسمی اجلاس دبئی منعقد ہوا جس میں تمام پانچویں ٹیموں کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ حکام نے جہاں بھرپور اور واضح انداز میں فائنل کے لاہور میں انعقاد کے فیصلے کو حتمی قرار دیا، وہیں پر کھلاڑیوں سکیورٹی پلان کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے اپنے خدشات کا اظہار بھیکیا جس پر چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ انہیں پاکستان میں سربراہان مملکت کے برابر سکیورٹی دی جائے گی اور اس حوالے سے کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔ اجلاس میں سابق گیندباز وسیم اکرم اور ماہر مبصر رمیز راجہ نے بھی کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور پاکستان کے بہتر حالات اور فول پرول سکیورٹی پر اعتماد میں لیا۔

اجلاس میں کرکٹ کھلاڑیوں کی عالمی تنظیم (فیکا) کے خدشات کو بھی حکام نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربرا ہ جائلز کلارک دورہ پاکستان پر بہت مطمئن تھے اور انہیں سربراہان مملکت کی سکیورٹی پروٹوکول پر بریفنگ دی گئی اور غیر ملکی کرکٹرز کے لیے بھی اسی نوعیت کے انتظامات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

پی ایس ایل 2 کے فائنل کے لاہور میں انعقاد کو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی اہم ترین کڑی قرار دیا جا رہا ہے کہ اس کے کامیاب انعقاد سے پاکستان میں بدامنی کے تاثر کو زائل کرنے میں بھرپور مدد ملے گی۔ فی الوقت تو پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ صف اول کے بین الاقوامی کھلاڑیوں نے لاہور آنے کی تصدیق کردی ہے۔ دیکھتے ہیں 5 مارچ کو لاہور میں کون کون میدان میں نظر آتا ہے۔

Gaddafi-Stadium-Lahore