"چھوٹا ڈان" کرکٹ چھوڑ گیا

0 1,312

یہ بات تو تقریباً سبھی کرکٹ دیکھنے والے جانتے ہیں کہ تاریخ کے سب سے عظیم بلے باز سر ڈان بریڈمین تھے۔ ڈان نے دہائیاں پہلے ایسے ریکارڈز قائم کیے جو آج بھی موجود ہیں لیکن جو لافانی حیثیت انہیں اپنے 99 سے زیادہ کے بیٹنگ اوسط نے دی، شاید ہی کسی اور ریکارڈ نے دی ہو۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ڈان بریڈمین کے بعد سب سے زیادہ بیٹنگ اوسط کس بلے باز کا ہے؟ یہ آسٹریلیا کے ایڈم ووجس ہیں جنہوں نے آج اعلان کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کو چھوڑ رہے ہیں۔

ووجس کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف پرائم منسٹرز کی نمائندگی کسی بھی بین الاقوامی ٹیم کے خلاف ان کا آخری مقابلہ ہوگی۔ "آسٹریلیا کے لیے کھیلتے ہوئے زندگی کے یادگار سال گزارے، اور ایک، ایک لمحے کا لطف اٹھایا۔"

ایڈم ووجس نے 2015ء میں 35 سال کی عمر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے عمر رسیدہ ترین کھلاڑی بنے تھے۔ پھر ایشیز کے لیے انگلستان کے دورے پر جدوجہد کرنے کے بعد انہوں نے 2015ء اور 2016ء کے سیزن کو خوب لوٹا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پرتھ میں سنچری کے بعد انہوں نے ویسٹ انڈیز سے کھیلتے ہوئے ہوبارٹ میں ناقابل شکست 269 رنز بنائے۔ پھر ویلنگٹن میں بھی ڈبل سنچری بنائی اور جب 15 ٹیسٹ مکمل کیے تو ان کا بیٹنگ ایوریج 95 سے زیادہ تھا۔

لیکن پچھلے سال سری لنکا کے دورے پر اور پھر جنوبی افریقہ کے خلاف ناکامی کی وجہ سے یہ اوسط گرتے گرتے لگ بھگ 62 پر آن پہنچا۔ یہاں تک کہ آج ایڈم ووجس نے کیریئر چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

اوسط میں اتنی کمی کے باوجود آج ایڈم ووجس کم از کم 20 ٹیسٹ کھیلنے والے بلے بازوں میں ڈان بریڈمین کے بعد سب سے زیادہ ایوریج رکھتے ہیں۔

آسٹریلیا نے 37 سالہ ووجس کی جگہ پیٹر ہینڈس کمب کو دی تھی، جنہوں نے اپنے پہلے ٹیسٹ میں بھی نصف سنچری بنائی اور اب مستقل مقام حاصل کر چکے ہیں۔

مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
ٹیسٹ 20 1485 269* 61.87 5 4
ایک روزہ 31 870 112* 45.78 1 4
ٹی ٹوئنٹی 7 139 51 46.33 0 1