بھارت آسٹریلیا کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار

0 1,124

بھارت نے بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے پہلے دو مقابلوں کے لیے اپنے دستے کا اعلان کردیا ہے جس کے بیشتر کھلاڑی وہی ہیں جنہوں نے گزشتہ دنوں بنگلہ دیش کو واحد ٹیسٹ مقابلے میں شکست دی ہے۔

23 فروری سے پونے میں شروع ہونے والی سیریز بھارت کے طویل 'ہوم سیرن' کا آخری اور سب سے اہم مرحلہ ہوگی۔ بھارت نے گزشتہ مقابلوں میں نیوزی لینڈ، انگلستان اور بنگلہ دیش کے خلاف شاندار کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ ان تینوں کے خلاف بھارت نے کل 8 مقابلے جیتے اور کسی ایک میں بھی شکست نہیں کھائی اور اگر اس سیزن میں انہیں کوئی ہرا سکتا ہے تو وہ آسٹریلیا ہی ہے۔ کپتان ویراٹ کوہلی کی زیر قیادت بھارت 19 مقابلوں سے ناقابل شکست ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا کا دستہ بھارت پہنچ چکا ہے اور 16 فروری سے بھارت 'اے' کے خلاف سہ روزہ مقابلہ کھیلے گا ۔

دو ٹیسٹ مقابلوں کے لیے بھارتی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

ویراٹ کوہلی (کپتان)، ابھینو مکنڈ، اجنکیا راہانے، امیش یادو، ایشانت شرما، بھوونیشور کمار، جاینت یادو، چیتشور پجارا، روی چندر آشون، رویندر جدیجا، کرون نائر، کلدیپ یادو، لوکیش راہل، مرلی وجے، ہردیک پانڈیا اور وریدھمن ساہا (وکٹ کیپر)۔