اسلام آباد پھر کامیابی کی راہ پر، کوئٹہ کی پہلی ناکامی

0 1,067

پے در پے مسائل سے دوچار اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ کے ایک اہم مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر بڑی کامیابی سمیٹ لی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن کو بھی مستحکم کرلیا ہے۔

دو اہم ترین بلے بازوں شرجیل خان اور خالد لطیف کے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی وجہ سے اخراج اور اہم گیندباز محمد عرفان کے حوالے سے غیر یقینی کیفیت نے اسلام آباد کے حوصلے کو کافی ٹھیس پہنچائی ہے۔ اس کی ایک جھلک لاہور قلندرز کے خلاف گزشتہ مقابلے میں بھی دیکھی گئی کہ جہاں اسے بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بہرحال، چند دن کے وقفے اور لیگ کے شارجہ منتقل ہونے کے بعد اسلام آباد نے نیا آغاز لیا۔ کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیتا اور پہلے کوئٹہ کو بلے بازی کی دعوت دی۔ احمد شہزاد اور اسد شفیق نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ چار اوورز میں 35 رنز بننے کے بعد محمد سمیع نے مسلسل دو گیندوں پر احمد شہزاد اور کیون پیٹرسن کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ احمد شہزاد نے 15 گیندوں پر 26 رنزبنائے جبکہ 'امیدوں کے محور' کیون پیٹرسن ایک مرتبہ ناکام ہوئے۔ ان سے توقعات تھیں کہ وہ دو مقابلوں کی ناکامی کا کفارہ شارجہ میں ادا کریں گے لیکن یہاں بھی صفر کی ہزیمت نے ان کا پیچھا نہیں چھوڑا۔ بعد ازاں رائلی روسو اور کپتان سرفراز احمد بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پچھلے مقابلے کے ہیروز بالترتیب 7 اور 12 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ یہاں پر اسد شفیق اور اپنا پہلا مقابلہ کھیلنے والے بنگلہ دیشی محمود اللہ نے اہم کردار ادا کیا۔ اسد شفیق 5 رنز کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کر سکے لیکن 42 گیندوں پر 45 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز ضرور کھیل گئے۔ محمود اللہ نے 29 اور تھیسارا پیریرا نے 27 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔ کوئٹہ نے آخری پانچ اوورز میں 46 رنز کا اضافہ کیا اور یوں مجموعے کو 148 رنز تک پہنچانے میں کامیاب رہا۔

اسلام آباد کی جانب سے محمد سمیع اور شین واٹسن نے دو، دو جبکہ رمان رئیس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہدف کے تعاقب میں کسی خاص دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اس کی وجہ تھی اوپنر سیم بلنگز کی طوفانی اننگز۔ انہوں نے 50 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 78 رنز بنائے۔ دوسرے اینڈ سے ڈیوین اسمتھ 10، بریڈ ہیڈن 6 اور مصباح الحق 10رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسکور 72 رنز پر تین آؤٹ ہوگیا تھا۔ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوتا نظر آ رہا تھا اور یہاں شین واٹسن نے 36 رنز بنا کربلنگز کے ساتھ 63 رنز کی عمدہ شراکت داری قائم کی۔ یہاں تک کہ آخری اوور کی پہلی گیند پر بلنگز کے چوکے نے میچ کا خاتمہ کردیا۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز نے دو اور عمر گل، پیریرا اور حسن خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

بہترین کارکردگی پر بلنگز کو میچ کےبہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

Sam-Billings