پی ایس ایل فائنل، ٹکٹوں کی معلومات

0 1,039

جب سے پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کروانے کا حتمی اعلان ہوا ہے، کرکٹ کے مداحوں کا جوش اور ولولہ دیدنی ہے۔ سب اس کوشش میں ہیں کہ جلد از جلد ٹکٹوں کا حصول ممکن بنایا جائے۔ ان تمام شائقین کے لیے خبر یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ٹکٹوں کی مکمل فروخت آن لائن ہی کرے گا اور اس حوالے سے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جس کا باقاعدہ اعلان چند دنوں میں کردیا جائے گا۔ ویسے چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے گزشتہ دن ایک چینل پر ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے 25 فروری کی تاریخ کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

فائنل کے میزبان قذافی اسٹیڈیم کی بات کی جائے تو یہاں تقریباً 25 ہزار تماشائیوں کی گنجائش موجود ہے جو 14 مختلف انکلوژرز میں سے تقسیم ہے۔ عمران خان، فضل محمود، وسیم اکرم اور وقار یونس سے منسوـب انکلوژرز میں ٹکٹ کی قیمت 12 ہزار روپے ہوگی جبکہ جاوید میانداد، عبد الحفیظ کاردار اور راجہ انکلورژر کے ٹکٹ 8 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گے جبکہ عام شائقین کرکٹ کے لیے جنرل انکلوژر ہیں جن کا ٹکٹ 500 روپے رکھا گیا ہے۔

طویل عرصے کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں کوئی بڑا مقابلہ ہونے جا رہا ہے اور ساری دنیا کی نظریں لاہور کی جانب ہوں گی۔ اس لیے اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام بھی خوب زور و شور سے جاری ہے۔ شائقین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک شاندار اختتامی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔

دوسرا اور کہیں زیادہ اہم پہلو سکیورٹی کا ہے اور بظاہر یہی نظر آ رہا ہے کہ اسٹیڈیم اور گردونواح کی مکمل سکیورٹی پاک فوج کے سپرد کی جائے گی۔

Gaddafi-Stadium