دانش کنیریا بھی بیک ڈور سے واپسی کے خواہشمند؟

1 1,024

یہ تو ہونا ہی تھا۔ بوم بوم نے جب دیکھا کہ گھی سیدھی انگلیوں سے نکلنے والا نہیں۔تو چلو پھر سیاستدانوں کی ٹیڑھی انگلیوں کا سہارا لیا،اور پھر کامیابی تو یقینی ہی تھی۔آفریدی کا دیکھا دیکھی دانش کنیریا بھی عدالت جا پہنچے ہیں کہ آئی سی سی اجلاس کے بعد پریشانی اور اپنی سیٹیں بچانے کی فکر میں مبتلا پی سی بی حکام کو شاید عدالتی کاروائی کے خوف سے انہیں بھی آفریدی کی طرح این او سی یا کلیئرنس تھما دیں۔

دانش کنیریا بھی عدالت پہنچ گئے

دانش کنیریا آج اپنے وکیل فروغ نسیم کے ہمراہ سندھ ہائی کورٹ آئے اور پی سی بی کے خلاف درخواست جمع کرواکے حکام کو یہ پیغام دیا ہے کہ شاہد آفریدی اور ذوالقرنین حیدر کے معاملات کے بعد بھی ابھی اُن کے وقت سکون کا وقت شروع نہیں ہوا۔

شاہد آفریدی اور دانش کنیریا کے معاملات کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو شاہد آفریدی کا معاملہ ان کے لاکھوں دلوں کی دھڑکن ہونے کی بدولت انتہائی تیزی سے میڈیا ،عوام اور پھر سیاستدانوں کی توجہ حاصل کرنےمیں کامیاب رہا۔اور ان کے این او سی کے اجراء تک نہ تو میڈیا نے اس کیس کا پیچھاچھوڑا اور نہ ہی میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے خواہش مند سیاستدانوں نے جنہوں نے اعجازبٹ تک دباؤ کچھ اس طرح منتقل کیا کہ بٹ صاحب اور خان صاحب نہ چاہتےہوئے بھی ایک دوسرے سے ملے اور بغیر مسکرائےاور ہاتھ ملائے اپنے اپنےمطلب نکال چلتے بنے۔

تاہم دانش کنیریا کو بظاہر ایسی کوئی سہولت میسر آنے کا امکان نہیں۔دانش کنیریا بھلے ہی پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹوں کے مالک کیوں نہ ہوں، بہرحال 'لائم لائٹ' سے ذرا دور ہی ہیں اور شاہد یہی وجہ ہے کہ تقریبا ایک سال سے کنارہ کش بھی ہیں۔کاش اُن کے دوست انہیں عین اس وقت عدالت جانے کا مشورہ دے دیتے جب اُنہیں دودھ میں سے مکھی کی طرح نکال باہر کیا گیا کیونکہ نہ تو اِس وقت لوہا گرم ہے اور نہ پاکستان ٹیم کی کوئی مصروفیت۔تاہم پی سی بی کے حکام آئی سی سی کے کئی حکم نامے ملنے کے بعد جس پریشانی میں مبتلا ہیں، شاید جھنجلاہٹ میں کنیریا کو کم از کم کلیئرنس دے کر اُن کا منہ بند کروادیں ،کیونکہ ٹیم میںٕ سلیکشن کی بات نہ تو دانش نے کی اور نہ ہی ان کے وکیل نے اور حاصل مقصد رہا صرف نیک نامی کا حصول!