کراچی جیت گیا، لاہور باہر

0 1,060

کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کا آغاز پے در پے ناکامیوں کے ساتھ کیا اور پہلی کامیابی بھی بارش کی وجہ سے حاصل کی۔ لیکن اس کے بعد آخری چار میں سے تین مقابلوں میں فتوحات حاصل کیں اور یوں روایتی حریف لاہور کا پتہ صاف کردیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف آخری مقابلہ جہاں دونوں ٹیموں کے لیے اہمیت رکھتا تھا وہیں لاہور قلندرز بھی انہونی کی امید لگائے بیٹھے تھے۔ اسلام آباد ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کے لیے جیتنا چاہتا تھا، کراچی پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے اور لاہور کراچی کی شکست کی امید لگائے بیٹھا تھا تاکہ وہ پلے آف میں چلا جائے۔

پہلے تو بارش نے سب کا دل دہلا دیا۔ دبئی میں دن بھر کی بارش کے بعد یہ عالم تھا کہ اسلام آباد کی ٹیم ایک گھنٹے کی تاخیر سے میدان میں پہنچی۔ اللہ اللہ کرکے میدان اس قابل ہوا کہ کچھ کھیلا جا سکے۔ اعلان ہوا کہ مقابلہ 15 اوورز فی اننگز کا ہوگا۔ ٹاس کراچی نے جیتا اور پہلے اسلام آباد کو بلے بازی کی دعوت دی جس نے کم اوورز کو مدنظر رکھتے ہوئے کھیل کا تیز آغاز کیا۔ خاص طور پر ڈیوین اسمتھ نے جنہوں نے 36 گیندوں پر 49 رنز بنائے البتہ عثمان خان، سہیل خان اور محمد عامر پر مشتمل تکون وقفے وقفے سے وکٹیں لیتی رہی جس کی وجہ سے اسلام آباد 123 رنز تک ہی محدود رہا۔ اسمتھ کے علاوہ 20 رنز بریڈ ہیڈن نے بنائے اور باقی کوئی بلے باز یہاں تک بھی نہیں پہنچا۔ پھر بھی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے 15 اوورز میں 123 مناسب مجموعہ تھا جس کا حصول کراچی کے لیے اتنا آسان نہیں ہوتا اگر کرس گیل طوفانی آغاز نہ لیتے۔

پوری پی ایس ایل میں بجھے بجھے دکھائی دینے والے گیل نے اپنی سب سے جاندار اننگز اس اہم مقابلے کے لیے بچا رکھی تھی۔ وہ آئے اور آتے ہی اسلام آبادی باؤلرز پر پل پڑے۔ صرف 17 گیندیں، پانچ چھکے، دو چوکے اور 44 رنز ۔ جب چھٹے اوور میں گیل آؤٹ ہوئے تو کراچی کا ٹوٹل 64 کو چھو رہا تھا۔ گیل کی یہ اننگز کراچی کی مشکل آسان کر گئی جس میں بابر اعظم نے 27 رنز کا حصہ ڈالا اور آخر میں کیرون پولارڈ کے چوکے نے میچ کا خاتمہ کردیا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی کراچی پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آ گیا جبکہ دفاعی چیمپئن اسلام آباد چوتھے پر یعنی یہی دونوں ٹیمیں پلے آف مرحلے میں بھی ٹکرائیں گی جہاں شکست کھانے والی ٹیم باہر ہو جائے گی، بالکل پچھلے سال کی طرح جب یہی دونوں اسی مقابلے میں کھیلے تھے۔ دوسری جانب پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلا پلے آف کھیلیں گے جہاں جیتنے والا براہ راست فائنل میں جائے گا جبکہ شکست کھانے والا کراچی-اسلام آباد مقابلے کے فاتح سے ٹکرائے گا۔

babar-gayle