خواتین کے عالمی دن پر ویمنز ورلڈ کپ کا شیڈول جاری

0 1,071

آج دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے خواتین کے عالمی کپ 2017ء کا شیڈول جاری کرنے کے لیے آج ہی کے دن کا انتخاب کیا ہے۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق عالمی کپ کا باقاعدہ آغاز 24 جون سے انگلستان میں ہوگا جس میں میں میزبان سمیت 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، یعنی انگلستان، ویسٹ انڈیز، پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور جنوبی افریقہ۔ ان میں سے آسٹریلیا، انگلستان، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز عالمی درجہ بندی ميں سرفہرست چار مقامات کی وجہ سے عالمی کپ تک پہنچے جبکہ بھارت، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور پاکستان حال ہی میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائرز سے یہاں تک پہنچے ہیں۔

عالمی کپ کا آغاز 24 جون کو میزبان انگلستان اور بھارت کے مابین مقابلے سے ہوگا اور اسی روز نیوزی لینڈ اور سری لنکا بھی آمنے سامنے ہوں گے۔ پاکستان اپنا پہلا مقابلہ 25 جون کو جنوبی افریقہ سے کھیلے گا جبکہ 27 جون کو اس کا مقابلہ میزبان سے ہوگا۔ روایتی حریف پاکستان و بھارت کا 'بڑا مقابلہ' 2 جولائی کو ڈربی میں ہوگا۔ اسی طرح 8 جولائی کو نیوزی لینڈ، 11 جولائی کو دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور 15 جولائی کو سری لنکا سے پاکستانی خواتین کا مقابلہ ہوگا۔

عالمی کپ 2017ء کے سیمی فائنل مقابلے 18 اور 20 جولائی کو ہوں گے جبکہ فائنل 23 جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان پر ہوگا۔

ثناء میر کی قیادت میں ٹیم پاکستان نے خوب محنت کی ہے اس لئے امید ہے کہ 'گرین کیپس' حریفوں کے لئے تر نوالہ ثابت نہیں ہوں گی۔

pakistan-womens-team