ایک روزہ کرکٹ پر ڈی ولیئرز اور عمران طاہر کا راج

0 1,203

پاکستان سپر لیگ نے قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر کافی پردے ڈال دیے ہیں لیکن بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے کسی بھی طرز کی عالمی درجہ بندی جاری ہوتے ہی صاف ظاہر ہو جاتا ہے کہ اس وقت ٹیم پاکستان کس مقام پر کھڑی ہے۔ 'ٹاپ ٹین' میں بمشکل ہی کوئی پاکستانی نظر آتا ہے۔ ایک روزہ کرکٹ میں تو پھر بھی نوجوان بابر اعظم دنیا کے نویں بہترین بلے باز بن چکے ہیں لیکن گیند بازوں کے لیے ٹکا سا جواب ہے۔

آئی سی سی کی ایک روزہ کرکٹ کے لیے نئی انفرادی درجہ بندی کے مطابق جنوبی افریقہ کے کپتان ابراہم ڈی ولیئرز آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کو دھکیلتے ہوئے نمبر ایک بن چکے ہیں۔ 2010ء اب تک یہ دسواں موقع ہے کہ ڈی ولیئرز سرفہرست مقام تک پہنچے ہیں جبکہ 2009ء سے لے کر اب تک وہ ٹاپ 5 سے باہر نہیں نکلے۔

بھارت کے کپتان ویراٹ کوہلی تسیرے نمبر پر جبکہ برطانیہ کے جو روٹ چار درجے ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ فف دو پلیسی اور کوئنٹن ڈی کوک ایک، ایک درجہ تنزلی کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ مارٹن گپٹل ساتویں، کین ولیم سن آٹھویں اور بابر اعظم ایک درجے ترقی کے ساتھ نویں نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ کا نمبر دسواں ہے۔

گیند بازوں میں جنوبی افریقہ کے پاکستانی نژاد عمران طاہر کی حکمرانی بدستور قائم ہے جبکہ انہی کے ہم وطن کاگیسو رباڈا پہلی مرتبہ بہترین پانچ باؤلرز میں شمار ہوگئے ہیں۔ ان سے اوپر سنیل نرائن، مچل اسٹارک اور ٹرینٹ بولٹ ہیں جو بالترتیب دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں۔ سب سے بڑی خبر افغانستان کے محمدنبی کے بارے میں ہے جو کچھ دنوں سے کافی خوش خبریاں سمیٹ رہے ہیں۔ پہلے انڈین پریمیئر لیگ کے لیے منتخب ہوئے، کیریبین پریمیئر لیگ میں بھی انہیں خریدا گیا ہے اور اب کیریئر میں پہلی بار درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر آ پہنچے ہیں۔ چھٹے پر آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ اور آٹھویں پر بنگلہ دیش کے شکیب الحسن جبکہ نواں اور دسواں نمبر بالترتیب انگلینٖڈ کے کرس ووکس اور نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری کے نام رہا۔