جے وردھنے کی شاندار سنچری اننگ، سری لنکا نے سیریز برابر کر دی

1 1,038

مہیلا جے وردھنے کی کیریئر بیسٹ اننگ کی بدولت سری لنکا نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں انگلستان کو کچل کر رکھ دیا اور 69 رنز سے با آسانی فتح سمیٹ کر سیریز کو 1-1 سے برابر کر دیا۔

مہیلا جے وردھنے نے اپنے کیریئر کی بہترین و یادگار اننگ کھیلی

اوول میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بری طرح شکست کھانے کے بعد سری لنکا نے بھرپور فائٹ بیک کیا اور ہیڈنگلے میں دوسرے میچ میں عمدہ بلے بازی کے ذریعے حریف کی توپوں کو خاموش کر دیا۔ 310 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں انگلستان کی امیدیں اس وقت ختم ہو گئیں جب ابتدائی 5 وکٹیں 201 رنز پر گر گئیں اور اگر واضح انداز میں کہا جائے تو ٹاپ اسکورر ایون مورگن کے آؤٹ ہونے سے میچ میں انگلستان کی واپسی کے تمام امکانات گل کر دیے۔ انگلستان کی آخری پانچ وکٹیں محض 39 رنز کااضافہ کر پائیں اور پوری ٹیم 240 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

گو کہ انگلستان کو کپتان ایلسٹر کک اور کریگ کیزویٹر نے 53 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے اس کی مہم کو سخت نقصان پہنچایا۔ مرد بحران سمجھے جانے والے ایون مورگن نے 40 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے اور سورج رندیو کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کمار سنگاکار کی پھرتی کا نشانہ بن گئے۔ ان سے قبل ایلسٹر کک نے 48 اور جوناتھن ٹراٹ نے 39 جبکہ بعد ازاں این بیل نے 35 رنز بنائے۔

سری لنکن فتح میں بلے بازوں کے علاوہ سورنگا لکمل اور سورج رندیو کا اہم کردار رہا جنہوں نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں اجنتھا مینڈس کو ملیں۔ نووان کولاسیکرا اور لاستھ مالنگا نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں انگلستان نے سری لنکا کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو کپتان تلکارتنے دلشان اور دنیش چندیمال انگلش فیلڈرز کی پھرتیوں کا نشانہ بنا کر رن آؤٹ ہو گئے تو سری لنکا انتہائی نفسیاتی دباؤ میں محسوس دکھائی دیتا تھا لیکن حقیقت میں ایسا بالکل نہیں تھا ایک جانب ٹھنڈے مزاج کے مہیلا جے وردھنے تھے تو دوسرے اینڈ پر تجربہ کار کمار سنگاکارا دونوں نے تیسری وکٹ پر 159 رنز کی فتح گر شراکت قائم کی۔ کمار سنگاکارا نے 69 رنز بنا کر گریم سوان کا شکار بنے۔ یہ انگلستان کے خلاف تیسری وکٹ کے لیے سری لنکا کی سب سے بڑی شراکت تھی۔ اس سے قبل بھی یہ اعزاز انہی دونوں تجربہ کار بلے بازوں کو حاصل تھا جنہوں نے 2006ء میں گزشتہ دورۂ انگلستان میں 140 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ واضح رہے کہ اس سیریز میں سری لنکا نے انگلستان کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر 5-0 سے ہرایا تھا۔

میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے جانے والے مہیلا جے وردھنے نے کیریئر کی 15 ویں سنچری بنائی۔ 150 گیندوں پر 144 رنز کی یادگار اننگ مہیلا کی کیریئر کی سب سے بہترین بلے بازی تھی۔ یہ انگلستان کے خلاف ان کی پانچویں سنچری تھی۔ آخری اوورز میں اینجلو میتھیوز کی تیز رفتار بلے بازی نے سری لنکاکو 300 کی نفسیاتی حد عبور کرنے میں کامیابی عطا کی اور جب مقررہ 50 اوورز کا کھیل مکمل ہوا تو سری لنکا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز تھا۔ میتھیوز 46 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

انگلستان کی جانب سے گریم سوان نے دونوں اہم ترین وکٹیں یعنی سنگاکارا اور جے وردھنے کی وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ ٹم بریسنن کو ملی۔

مہیلا جے وردھنے کو کیریئر کی بہترین اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیمیں 3 جولائی کو لارڈز میں تیسرے ایک روزہ میچ میں مدمقابل ہوں گی۔

نیٹ ویسٹ سیریز (دوسرا میچ) انگلستان بمقابلہ سری لنکا
تاریخ: (یکم جولائی 2011ء) مقام: ہیڈنگلے، لیڈز
نتیجہ: سری لنکا 69 رنز سے کامیاب
میچ کا بہترین کھلاڑی: مہیلا جے وردھنے (سری لنکا)

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
مہیلا جے وردھنے اسٹمپ کیزویٹر ب سوان 144 150 14 0
تلکارتنے دلشان رن آؤٹ (براڈ) 9 9 2 0
دنیش چندیمال رن آؤٹ (اینڈرسن) 5 7 0 0
کمار سنگاکارا اسٹمپ کیزویٹر ب سوان 69 85 5 0
اینجلو میتھیوز ناٹ آؤٹ 46 30 7 0
نووان کولاسیکرا ک پیٹرسن ب بریسنن 13 15 1 0
اجنتھا مینڈس ناٹ آؤٹ 7 4 0 1
فاضل رنز (ل ب 5، و 11) 16
مجموعہ مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز
انگلستان باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹ
جیمز اینڈرسن 10 0 44 0
ٹم بریسنن 9 0 70 1
اسٹورٹ براڈ 10 0 70 0
جیڈ ڈرنباخ 9 0 63 0
گریم سوان 10 0 42 2
کیون پیٹرسن 2 0 15 0
انگلستان رنز گیندیں چوکے چھکے
ایلسٹر کک ک میتھیوز ب رندیو 48 52 5 0
کریگ کیزویٹر ک کولاسیکرا ب لکمل 25 30 2 1
جوناتھن ٹراٹ ب لکمل 39 54 3 0
کیون پیٹرسن ک مالنگا ب مینڈس 13 16 0 1
ایون مورگن اسٹمپ سنگاکارا ب رندیو 52 40 3 2
این بیل ک لکمل ب کولاسیکرا 35 47 2 0
ٹم بریسنن ک چندیمال ب رندیو 2 12 0 0
اسٹورٹ براڈ اسٹم سنگاکارا ب مینڈس 1 3 0 0
گریم سوان ناٹ آؤٹ 13 12 1 0
جیمز اینڈرسن ب مالنگا 0 2 0 0
جیڈ ڈرنباخ ک کولاسیکرا ب لکمل 5 7 1 0
فاضل رنز (ل ب 1، و 6) 7
مجموعہ 45.5 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز
سری لنکا باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹ
تلکارتنے دلشان 4 0 29 0
نووان کولاسیکرا 9 0 39 1
لاستھ مالنگا 8 0 41 1
سورنگا لکمل 7.5 0 43 3
سورج رندیو 9 0 43 3
اجنتھا مینڈس 6 0 31 2
اینجلو میتھیوز 2 0 13 0