بھارت نے دورۂ انگلستان کے لیے دستے کا اعلان کر دیا

1 1,030

بھارت نے انگلستان کے اہم ترین دورے کے لیے 17 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے۔

وریدھمن ساہا کی شمولیت نے کئی ماہرین کو حیران کر دیا ہے، انہیں پارتھیو پٹیل پر فوقیت دیتے ہوئے بیک اپ وکٹ کیپر کی حیثیت سے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے

ٹیم میں نیم صحت مند وریندر سہواگ اور ظہیر خان بھی شامل ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے دورے میں شرکت نہ کرنے والے سچن ٹنڈولکر، یووراج سنگھ اور گوتم گمبھیر کو بھی واپس طلب کیا گیا ہے۔

گو کہ وریندر سہواگ کا نام 17 رکنی دستے میں شامل ہے تاہم درحقیقت وہ دورے کے آغاز کے دو ہفتے کے بعد ٹیم میں شمولیت اختیار کریں گے۔ اس دوران وہ مکمل طور پر صحت یاب ہوں گے۔ سچن نے آرام کی خاطر دورۂ ویسٹ انڈیز سے رخصت طلب کی تھی اس لیے وہ اب اس اہم دورے میں واپس آ گئے ہیں جبکہ گوتم، ظہیر، سری اور یووراج بھی مختلف انجریز سے صحت یابی پانے کے بعد دستے میں شامل کر لیے گئے ہیں۔

حیران کن ترین تبدیلی بیک اپ وکٹ کیپر کے طور پر وریدھمن ساہا کی شمولیت ہے۔ انہیں پارتھیو پٹیل پر فوقیت دے کر دستے میں شامل کیا گیا ہے جبکہ پارتھیو اس وقت زیادہ فارم میں ہیں اور ساہا کا تجربہ اور کارکردگی کسی طرح پارتھیو سے میل نہیں کھاتی۔ پارتھیو 20 ٹیسٹ اور 23 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کا تجربہ رکھتے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں ساہا نے محض ایک ٹیسٹ اور 3 ایک روزہ مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کی ہے اور اس میں بھی وہ اپنی کارکردگی سے متاثر نہیں کر سکے۔ ساہا کی شمولیت کی ایک بڑی وجہ یہ نظر آتی ہے کہ وہ بھارتی قائد مہندر سنگھ کی آئی پی ایل چنئی سپر کنگز سے کھیلتے ہیں جبکہ پارتھیو کوچی ٹسکرز کیرالہ کی نمائندگی ہیں، شاید یہی عنصر ان کی شمولیت کی واحد وجہ بنا ہو۔ اگر ایسا ہی ہے تو پھر دیکھیں کہ ساہا اپنے کپتان کی امیدوں پر کس طرح پورا اترتےہیں۔

قومی ٹیم سے جن کھلاڑیوں کو باہر کیا گیا ہے ان میں دورۂ ویسٹ انڈیز میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مرلی وجے اور ویرات کوہلی شامل ہیں۔

بھارت کے دورے کا باضابطہ آغاز 21 جولائی کو لارڈز کے میدان میں ایک تاریخی ٹیسٹ میچ سے ہوگا جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا 2 ہزار واں واں مقابلہ ہوگا۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل اس موقع کو بھرپور انداز میں منانا چاہتی ہے جس کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی بہترین الیون کے انتخاب کا خصوصی سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔

بھارت کا اعلان کردہ 17 رکنی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، ابھینو مکنڈ، امیت مشرا، ایشانت شرما، پروین کمار، راہول ڈریوڈ، سچن ٹنڈولکر، سری سانتھ، سریش رائنا، ظہیر خان، گوتم گمبھیر، مناف پٹیل، وریدھمن ساہا، وریندر سہواگ، وی وی ایس لکشمن، ہربھجن سنگھ اور یووراج سنگھ۔