عالمی درجہ بندی؛ لکشمن اور ایشانت سرفہرست 10 میں شامل

1 1,020

بھارت کے مرد بحران وی وی ایس لکشمن گو کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف برج ٹاؤن ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے سے محروم رہے لیکن انہی دونوں اننگز کی بدولت وہ ٹیسٹ بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی کے سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں دوبارہ واپس آ گئے ہیں۔

ایشانت شرما 10 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد سرفہرست 10 باؤلرز میں شامل ہو گئے ہیں

36 سالہ لکشمن نے دونوں اننگز میں 85 اور 87 رنز کی کارآمد باریاں کھیلیں اور بھارت کو میچ میں واپس لانے میں کلیدی کردار ادا کیا اور یوں 7 درجے پھلانگ کر چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ یہ عالمی درجہ بندی میں ان کے کیریئر کی بہترین پوزیشن ہے۔

ویسٹ انڈیز بھارت دوسرے ٹیسٹ کے بعد تازہ درجہ بندی میں سرفہرست 5 بلے بازوں میں کوئی تبدیلی واقع نہيں ہوئی جس میں جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس اول اور بھارت کے سچن ٹنڈولکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

بھارت کے ایشانت شرما برج ٹاؤن ٹیسٹ میں 10 وکٹوں کی یادگار کارکردگی پیش کرنے کے بعد دنیا کے دس سرفہرست باؤلرز میں شامل ہو گئے ہیں۔ وہ چار درجے پھلانگ کو ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ان کے حریف فیڈل ایڈورڈز جنہوں نے دوسری اننگ میں بھارت کے پانچ اور کل آٹھ بلے بازوں کو زیر کیا، سرفہرست 20 باؤلرز میں شامل ہو گئے ہیں۔

بہترین باؤلرز میں بھی جنوبی افریقہ سرفہرست ہے جس کے ڈیل اسٹین پہلی پوزیشن پر قبضہ جمائے بیٹھے ہیں جن کے بعد انگلستان کے گریم سوان موجود ہیں۔

آل راؤنڈرز میں بھی جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس سرفہرست ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری دوسرے نمبر پر ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ کی مکمل عالمی درجہ بندی ملاحظہ کرنے کے لیے کرک نامہ کا خصوصی صفحہ یہاں ملاحظہ کیجیے۔