چندیمال کی یادگار سنچری، سری لنکا کو سیریز میں برتری

1 1,019

سری لنکا نے نوجوان دنیش چندیمال کی ناقابل شکست سنچری اننگ کی بدولت انگلستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

دنیش چندیمال نے چوکا رسید کر کے سری لنکا کو فتح سے ہمکنار کر دیا

آخری لمحات میں نوجوان دنیش کا سنچری کے حصول کے لیے محتاط رویہ اور دوسرے اینڈ سے اینجلو میتھیوز کا حد درجہ دفاعی انداز سری لنکن کیمپ میں شدید تناؤ کا باعث بنا اور جب 47 واں اوور میڈن کھیلا تو کپتان تلکارتنے دلشان بالکونی میں بیٹھے بہت غصے میں نظر آئے اور انہوں نے جلد 12 ویں کھلاڑی کو مشروب اور سخت پیغام کے ساتھ میدان میں بھیجا جس پر انگلستان کے کھلاڑیوں نے احتجاج کیا اور امپائر نائجل لونگ نے پیغام رساں کو میدان سے باہر بھیج دیا۔

جب سری لنکن اننگ کے آخری 7 اوورز رہ گئے تھے تو سری لنکا کو فتح کے لیے 17 جبکہ چندیمال کو سنچری کے لیے 13 رنز درکار تھے۔ یہی وجہ ہے کہ میتھیوز نے پوری کوشش کی کہ وہ اپنے ساتھی کھلاڑی کو سنچری بنانے کا موقع دیں لیکن ان کی اس حکمت عملی نے تقریباً ڈرامائی صورتحال پیدا کر دی تھی۔ پیغام رساں کو میدان بدر کیے جانے کے بعد صورتحال کو بھانپتے ہوئے چندیمال نے اگلے اوور کی دوسری ہی گیند کو وائیڈ لانگ آن پر میدان سے باہر پھینک دیا اور نہ صرف اپنی سنچری مکمل کی بلکہ ڈریسنگ روم میں تناؤ کو ماحول کو بھی کم کر دیا۔ اگلے اوور میں چندیمال نے اینڈرسن کو کور پر چوکا رسید کرتے ہوئے سری لنکا کو سیریز میں برتری دلا دی۔ یوں انگلش کپتان ایلسٹر کک کی سنچری رائیگاں چلی گئی۔

میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے 21 سالہ چندیمال نے 126 گیندوں پر 2 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے اور لارڈز کے تاریخی میدان میں سنچری کا کارنامہ بھی انجام دیا۔ ان کے علاوہ سری لنکن اننگز کی خاص بات گزشتہ میچ کے ہیرو مہیلا جے وردھنے کے 79 رنز تھے۔ جن 77 گیندوں پر کھیلی گئی یہ اننگ 9 چوکوں سے مزین تھی۔ آخری اوورز میں سست کھیل کے باعث سری لنکن کیمپ میں تناؤ پھیلا دینے والے اینجلو میتھیوز نے 21 گیندوں پر صرف ایک رن بنایا۔

قبل ازیں انگلستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اس کے بلے باز سری لنکن باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کو برداشت نہ کر پائے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ تاہم سری لنکن باؤلرز دوسرے اینڈ پر موجود حریف قائد ایلسٹر کک کو زیر نہ کر سکے جنہوں نے 127 گیندوں پر کیریئر کی دوسری سنچری مکمل کی تاہم کیون پیٹرسن کے 41 رنز کے علاوہ کسی بلے باز نےان کا ساتھ نہ دیا اور آخری اوورز میں سری لنکن باؤلرز کی شاندار باؤلنگ نے رنز کو تیز رفتاری کے ساتھ بڑھانے کی امیدوں کا بھی خاتمہ کر دیا۔ بیٹنگ کے لیے ایک آسان پچ پر انگلستان 7 وکٹوں کے نقصان پر محض 246 رنز بنا سکا۔

سری لنکا کی جانب سے لاستھ مالنگا، سورنگا لکمل اور اجنتھا مینڈس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

چندیمال کو فتح گر سنچری اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکن کپتان دلشان نے دونوں کھلاڑیوں کو نوجوان قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے، شاید وہ میتھیوز اور چندیمال کو یہ پیغام دے رہے تھے کہ اولیت میچ کی ہے انفرادی کارکردگی کی نہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 6 جولائی کو ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا جہاں فتح سری لنکا کو ایک روزہ سیریز جتوا سکتی ہے جبکہ شکست سیریز کے پانچویں میچ کو فیصلہ کن معرکہ بنا سکتی ہے۔

نیٹ ویسٹ سیریز (تیسرا میچ) انگلستان بمقابلہ سری لنکا
تاریخ: (3 جولائی 2011ء) مقام: لارڈز، لندن
نتیجہ: سری لنکا 6 وکٹوں سے کامیاب
میچ کا بہترین کھلاڑی: دنیش چندیمال (سری لنکا)

انگلستان رنز گیندیں چوکے چھکے
ایلسٹر کک رن آؤٹ (سنگاکارا) 119 143 13 0
کریگ کیزویٹر ک لکمل ب مالنگا 3 13 0 0
جوناتھن ٹراٹ ک دلشان ب لکمل 2 13 0 0
کیون پیٹرسن ک رندیو ب مینڈس 41 43 6 0
ایون مورگن ایل بی ڈبلیو ب مینڈس 4 7 1 0
این بیل ک کولاسیکرا ب لکمل 30 46 0 0
ٹم بریسنن ب مالنگا 26 29 1 0
اسٹورٹ براڈ ناٹ آؤٹ 1 2 0 0
گریم سوان ناٹ آؤٹ 11 4 1 1
فاضل رنز (ب 4، و 5) 9
مجموعہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز

 

سری لنکا باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹ
اینجلو میتھیوز 1 0 4 0
لاستھ مالنگا 10 1 54 2
نووان کولاسیکرا 10 1 40 0
سورنگا لکمل 10 0 62 2
اجنتھا مینڈس 10 0 40 2
سورج رندیو 8 0 33 0
تھیلینا کنڈامبے 1 0 9 0

 

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
مہیلا جے وردھنے ک مورگن ب ڈرنباخ 79 77 9 0
تلکارتنے دلشان ب بریسنن 3 6 0 0
دنیش چندیمال ناٹ آؤٹ 105 126 11 0
کمار سنگاکارا ک مورگن ب سوان 25 47 2 0
تھیلینا کنڈامبے ایل بی ڈبلیو ب سوان 11 13 1 0
اینجلو میتھیوز ناٹ آؤٹ 1 21 0 0
فاضل رنز (ل ب 7، و 18) 25
مجموعہ 48.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز

 

انگلستان باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹ
جیمز اینڈرسن 9.2 0 55 0
ٹم بریسنن 9 0 48 1
اسٹورٹ براڈ 10 0 52 0
جیڈ ڈرنباخ 10 2 55 1
گریم سوان 10 0 32 2