تیسرے ٹیسٹ کے لیے ویسٹ انڈین دستے کا اعلان، سروان باہر

1 1,023

ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف تیسرے و آخری ٹیسٹ کے لیے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں ناقص فارم کے شکار رامنریش سروان کا نام شامل نہیں ہے۔ روسیو، ڈومینکا میں ہونے والے آخری ٹیسٹ کے لیے ویسٹ انڈیز نے لیوارڈ جزائر کے 21 سالہ بلے باز کیرن پاول کو طلب کیا ہے۔

سروان کی ڈیڑھ سال بعد ٹیم میں واپسی دیرپا ثابت نہ ہو سکی

رامنریش سروان کرکٹ سے ڈیڑھ سال دور رہنے کے بعد پاکستان کے خلاف گزشتہ سیریز میں ٹیم میں واپس آئے تھے لیکن وہ دو ٹیسٹ میچز کی چار اننگز میں محض 54 رنز بنا پائے تاہم تجربے کی وجہ سے انہیں بھارت کے خلاف اہم ٹیسٹ سیریز کے لیے دستے میں جگہ دی گئی جہاں وہ ایک مرتبہ پھر بری طرح ناکام ہوئے دو اننگز میں صرف 29 رنز بنا پائے۔

رامنریش سروان کے ٹویٹس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہیں بارباڈوس میں دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے فوراً بعد ہی کہہ دیا گیا تھا کہ وہ اگلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے کیونکہ سروان نے ایک ٹویٹ میں یہ لکھا ہے کہ "تمام کھلاڑیوں کے لیے ڈومینکا میں نیک خواہشات! میامی میں آ رہا ہوں۔"

سروان کے متبادل کے طور پر طلب کیے گئے پاول نے 2009ء میں دو ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کر رکھی ہے جب ویسٹ انڈیز کا اولین دستہ معاہدوں پر تنازعات کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز اور جنوبی افریقہ میں چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیلا تھا۔

ویسٹ انڈیز بھارت کے خلاف سیریز میں 1-0 سے خسارے میں ہے اور اسے سیریز برابر کرنے کے لیے ڈومینکا میں لازماًکامیابی حاصل کرنا ہوگی جہاں کا ونڈسر پارک پہلی بار 6 جولائی سے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا۔

تیسرے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ ویسٹ انڈین دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

ایڈرین بارتھ، لینڈل سیمنز، ڈیرن براوو، شیونرائن چندرال، مارلون سیموئلز، کارلٹن با، ڈیرن سیمی، فیڈل ایڈورڈز، روی رامپال، دیوندر بشو، کرک ایڈورڈز، کیمار روچ اور کیرن پاول ۔