دورۂ سری لنکا؛ آسٹریلیا کے محدود اوورز کے دستوں کا اعلان

0 1,032

آسٹریلیا نے دورۂ سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز کے لئے الگ الگ ٹیموں کا اعلان کردیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ناقص فارم کے باعث کیمرون وائٹ ایک روزہ ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں ناکام ہو گئے تاہم وہ ٹی 20 ٹیم کا حصہ بدستور رہیں گے اور اس کی قیادت کریں گے ۔

کافی عرصے تک تنقید کا نشانہ بننے والے کیمرون وائٹ بالآخر ایک روزہ دستے سے باہر ہو گئے

فاسٹ باؤلر ڈوگ بولنجر کی ایک روزہ جبکہ ٹاپ آرڈر بلے باز شان مارش کی دونوں طرز کی کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے۔

ٹی ٹوائنٹی سکواڈ میں ون ڈے کپتان مائیکل کلارک ، رکی پونٹنگ ، مائیکل ہسی اور ژاویئر ڈوہرٹی کی جگہ ڈیوڈ وارنراور نوجوان کھلاڑیوں بلے آرون فنچ اور اسینر آل راؤنڈر اسٹیفن او کیف کو شامل کیا گیا ہے ۔

آسٹریلیا کی ٹیم 30 جولائی سے سری لنکا کا دورہ کرے گی جہاں وہ دو ٹی 20 انٹرنیشنل، پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ سری لنکا اس وقت انگلستان میں موجود ہے جہاں دورے کا ٹیسٹ مرحلہ جاری ہے۔

مختصر طرز کے لئے آسٹریلیا کی ٹیموں کا اعلان آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اینڈریو ہلڈچ نے کیا جبکہ ٹیسٹ ٹیم کا اعلان جولائی کے آخر میں کیا جائے گا۔

کیمرون وائٹ کو ورلڈ کپ اور دورۂ بنگلہ دیش میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ٹیم سے باہر کیا گیا ہے۔ ان کی جگہ 27 سالہ بلے باز شان مارش کو شامل کیا گیا ہے۔ مارش انجری کے باعث ورلڈ کپ اوردورۂ بنگلہ دیش میں شرکت نہیں کر پائے تھے۔ مارش انگلستان کے خلاف سیریز اور انڈین پریمیئر لیگ میں بہترین کارکردگی پر سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ رواں سال انہوں نے آئی ایل پی میں 42 کے اوسط سے 504 رنز بنائے۔

کیمرون وائٹ نے ایک روزہ ٹیم میں جگہ برقرار نہ رکھ پانے کو مایوس کن قرار دیا ہے تاہم وہ اپنی دوبارہ شمولیت کے لئے پرامید ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ بننے کے ساتھ ساتھ ایک روزہ ٹیم میں شمولیت کے لئے سخت محنت کرینگے۔

ون ڈے اسکواڈ میں فاسٹ باؤلر ریان جیمز ہیرس کی جگہ نوجوان باؤلر 21 سالہ جیمز پیٹنسن ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ جنہوں نے حالیہ دورۂ بنگلہ دیش میں اپنے ایک روزہ کیریئر کا آغاز کیا۔ جیمز پیٹنسن ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا بھی حصہ ہوں گے ۔

ورلڈ کپ کے دوران انجری کے باعث باہر ہونے والے فاسٹ باؤلر ڈوگ بولنجر بھی ایک روزہ ٹیم میں واپس آ گئے ہیں۔ جبکہ دورۂ بنگلہ دیش کے لئے گھریلو مصروفیات کے باعث عدم دستیابی ظاہر کرنےوالے ڈیوڈ ہسی دورۂ سری لنکا کے لئے ون ڈے ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔

دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی دستے کے لئے تیرہ رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے جس کی قیادت کیمرون وائٹ کریں گے۔ ٹیم نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ زمبابوے ،جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا اے کی ٹیموں کے مابین حالیہ تین ملکی ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹاپ آرڈر بلے باز 24 سالہ آرون فنچ کو ٹی ٹوئنٹی دستے کا حصہ بنے ہیں۔ آرون نے دورۂ زمبابوے کے دوران چار میچوں میں 41.5 کی اوسط سے 150 سے زائد رنز بنائے ۔

ورلڈ کپ کے بعد ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنےوالے 28 سالہ شان ٹیسٹ دستیاب ہونے کے باوجود ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی دستہ

کیمرون وائٹ (کپتان)، بریڈ ہیڈن (وکٹ کیپر)، شین واٹسن، ڈیوڈ وارنر، شان مارش، ڈیوڈ ہسی، آرون فنچ، سٹیون اسمتھ، جان ہیسٹنگز، مچل جانسن، بریٹ لی، جیمز پیٹنسن اور اسٹیفون او کیف۔

ایک روزہ دستہ

مائیکل کلارک (کپتان) ، بریڈ ہیڈن (وکٹ کیپر)، شین واٹسن، رکی پونٹنگ، مچل جانسن، ڈیوڈ ہسی، شان مارش، اسٹیون سمتھ، جان ہیسٹنگز، مائیکل ہسی، بریٹ لی، ژاویئر ڈوہرٹی، جیمز پیٹنسن اور ڈوگ بولنجر۔

سری لنکا اپنے ہوم گراؤنڈ پر آخری مرتبہ 2004ء میں آسٹریلیا کے مدمقابل آیا تھا جہاں اسے ٹیسٹ سیریز میں 3-0 کی ہزیمت سے دوچار ہونا پڑا تھا۔

آسٹریلیا کا دورۂ سری لنکا - مکمل شیڈول

سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا بتاریخ بمقام
پہلا ٹی ٹوئنٹی 6 اگست پالی کیلے
دوسرا ٹی ٹوئنٹی 8 اگست پالی کیلے
پہلا ایک روزہ بین الاقوامی 10 اگست پالی کیلے
دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی 14 اگست ہمبنٹوٹا
تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی 16 اگست ہمبنٹوٹا
چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی 20 اگست کولمبو
پانچواں ایک روزہ بین الاقوامی 22 اگست کولمبو
پہلا ٹیسٹ 31 اگست تا 4 ستمبر گال
دوسرا ٹیسٹ 8 تا 12 ستمبر پالی کیلے
تیسرا ٹیسٹ 16 تا 20 ستمبر کولمبو