آئی سی سی کی پاکستان ٹاسک ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گا

1 1,013

پاکستان ٹاسک ٹیم کی رپورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے شدید اعتراضات کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا وفد ممکنہ طور پر پاکستان کا دورہ کرے گا۔ تاہم اس کی تفصیلات، نوعیت اور وقت کا اعلان نہیں کیا گیا کیونکہ اس کو حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے۔

پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم کی سربراہی ممکنہ طور پر جائلز کلارک کریں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ٹی ٹی کی پاکستان رپورٹ پر چند موزوں اعتراضات اٹھائے تھے، جن میں ایک یہ تھا کہ ، سوائے ڈیوڈ رچرڈسن کے، ٹیم کے کسی بھی رکن نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تو یہ رپورٹ کس طرح مرتب کی گئی۔

اب تک یہ واضح تو نہیں ہے کہ پاکستان ٹاسک ٹیم کا کون سا رکن کب دورہ کرے گا لیکن برطانیہ کے معروف روزنامے گارجین نے بتایا ہے کہ پاکستان ٹاسک ٹیم کے سربراہ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک ممکنہ طور پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ اس دستے کا لازمی حصہ ہوں گے۔ ہارون آخری مرتبہ 2010ء میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔

ممکنہ دورے میں وفد کے اراکین پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن صدرپاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے ۔ ان کے علاوہ اعلیٰ سیاسی شخصیات سے بھی ملاقاتیں ممکن ہیں۔ ملاقات میں پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کے لیے سفارشات اور تجاویز پر تبادلہ خیال ہوگا۔

اس دورے میں پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان میں سیکورٹی اور بین الاقوامی کی واپسی کے معاملات بھی اٹھائے گا۔

واضح رہےکہ پاکستان اور آئی سی سی کے درمیان پاکستان ٹاسک رپورٹ کے حوالے سے خاصی گرما گرمی ہو چکی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعتراضات کے بعد آئی سی سی بھی میدان میں کود چکا ہےجس نے واضح کیا ہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کو آئی سی سی سالانہ اجلاس سے قبل یہ رپورٹ دکھائی گئی تھی، اگر پی سی بی کو کوئی اعتراض تھا وہ اسی وقت کر دینا چاہیے تھا۔ جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ فرد واحد کا معاملہ نہیں ہے بلکہ چیئرمین سمیت چند افراد غور کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کرتے ہیں، اس لیے آئی سی سی کی یہ دلیل ٹھوس نہیں ہے۔