تاریخ کی عظیم ترین الیون کا اعلان، وسیم اکرم شامل

7 1,069

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ویب سائٹ پر 2 ہزار ویں ٹیسٹ کے جشن کے سلسلے میں شائقین کو کرکٹ کی تاریخ کی عظیم ترین الیون منتخب کرنےکو مدعو کیا گیا تھا۔ 13 جولائی کی شب تک حاصل کیے گئے ووٹوں کی تعداد 10 لاکھ سے زائد تھی۔

وسیم اکرم پاکستان کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے تاریخ کی عظیم ترین الیون میں جگہ پائی ہے

شائقین کو کھلاڑیوں کی مختصر فہرست فراہم کی گئی تھی جن میں سے انہیں 11 کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا تھا۔

اعلان کردہ ٹیم میں 4 آسٹریلوی، 4 بھارتی، 2 ویسٹ انڈین اور ایک پاکستانی کھلاڑی شامل ہیں۔ اعلان کردہ حتمی الیون مندرجہ ذیل کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

وریندر سہواگ

سنیل گواسکر

ڈونلڈ بریڈمین

سچن ٹنڈولکر

برائن لارا

کپل دیو

ایڈم گلکرسٹ (وکٹ کیپر)

شین وارن

وسیم اکرم

کرٹلی ایمبروز

گلین میک گرا

کرک نامہ کو موصول ہونے والے آئی سی سی کے اعلامیہ میں چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے کہا ہے کہ "گزشتہ ماہ دنیا بھر میں ذرائع ابلاغ اور شائقین نے سوچ بچار کے بعد تاریخ کی عظیم ترین ٹیم کا انتخاب کیا اور اس حوالے سے زبردست دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی مقبولیت کو عام کرنے کے ہمارے نظریے کو فروغ دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتنے عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں سے 11 کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ایک مشکل امر تھا اور منتخب کھلاڑیوں میں دور جدید کے کئی کھلاڑیوں کی شمولیت دور حاضر کے شائقین کی جانب سے ووٹنگ کو ظاہر کرتا ہے۔ ماضی کے کئی کھلاڑی تھے جو اس ٹیم کے لیے با آسانی منتخب ہو سکتے تھے لیکن بہرحال یہ دلچسپ امر تھا کہ تاریخ کی عظیم ترین الیون کے حوالے سے شائقین کیا سوچتے ہیں۔

یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں ہے کہ عظیم کھلاڑیوں کی اس فہرست میں جیفری بائیکاٹ، حنیف محمد، جاوید میانداد، رکی پونٹنگ، گریگ چیپل، ویوین رچرڈز، ژاک کیلس، رچرڈ ہیڈلی، عمران خان، گیری سوبرز، جیفری ڈیوجون، روڈنی مارش، وسیم باری، ڈینس للی، کورٹنی واش، مائیکل ہولڈنگ، مرلی دھرن اور میلکم مارشل جیسے عظیم کھلاڑی شامل نہیں ہیں ۔

پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں میں جس واحد کھلاڑی نے جگہ پائی ہے وہ وسیم اکرم ہیں۔ ٹیسٹ میں 414 اور ایک روزہ کرکٹ میں 502 وکٹیں حاصل کرنے والے وسیم اکرم بلاشبہ بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والے تاریخ کے عظیم ترین گیند باز مانے جاتے ہیں۔

شائقین کو کہا گیا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی محبت کو ظاہر کرنے کے لیے #lovetestcricket اور #testcricket کے ٹیگ استعمال کر کے اپنی رائے کا اظہار کریں۔

انگلستان اور بھارت کے درمیان لارڈز میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ تاریخ کا 2 ہزار واں ٹیسٹ مقابلہ ہوگا۔