آئندہ ماہ کاؤنٹی کھیلنے واپس جاؤں گا؛ آفریدی کی کرک نامہ سے گفتگو

3 1,011

پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ کے آغاز میں کاؤنٹی کھیلنے واپس انگلستان جائیں گے۔

شاہد نے گوتم گمبھیر کے بیان پر تبصرے سے گریز کیا

کرک نامہ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے شاہد خان نے کہا کہ وہ انگلستان میں جاری فرینڈز لائف ٹی ٹوئنٹی کے کوارٹر فائنل مرحلے سے قبل ہمپشائر کاؤنٹی جوائن کر لیں گے۔ شاہد آفریدی اور دیگر کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی کی بدولت ہمپشائر نے فرینڈز لائف ٹی ٹوئنٹی کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ پانے کے امکانات روشن ہیں جو 6 اگست سے شروع ہو رہا ہے۔

اپنے والد کی طبیعت کے بارے میں بتاتے ہوئے شاہد نے کہا کہ والد صاحب کی طبیعت اب پہلے سے کافی بہتر ہے اور کل یا پرسوں ان کی صحت کے بارے میں حتمی صورتحال واضح ہو سکے گی جس کے بعد وہ اپنی روانگی کو واضح شکل دے سکیں گے۔

شاہد آفریدی اپنے والد کی طبیعت خراب ہو جانے کے باعث ہمپشائر کاؤنٹی کی جانب سے بقیہ سیزن چھوڑ کر وطن واپس آ گئے تھے۔شاہد خان آفریدی کے والد صاحبزادہ فضل الرحمٰن آفریدی کچھ عرصے سے علیل ہیں اور گزشتہ ماہ وہ امریکہ میں زیر علاج رہنے کے بعد وطن واپس لوٹے تھے۔

شاہد آفریدی نے کرک نامہ کو یہ بھی بتایا کہ وہ رواں ماہ کی 24 و 25 تاریخ کو ایک اشتہار کی شوٹنگ کے لیے بھارت بھی جائیں گے۔

گوتم گمبھیر کے بیان پر شاہد نے کہا کہ مجھے حیرت ہے کہ گمبھیر کو ایسا بیان دینے کی کیا ضرورت پیش آ گئی تاہم اسٹار آل راؤنڈر نے گمبھیر کے بیان پر فی الحال کوئی ردعمل ظاہر کرنے سے گریز کیا۔

واضح رہے کہ بھارت کے جارح مزاج کھلاڑی گوتم گمبھیر نے شاہد آفریدی کو 16 سال کا بچہ قرار دیتے ہوئے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔