آئی سی سی الیون میں شمولیت؛ وسیم نے اعزاز مرحومہ اہلیہ کے نام کر دیا

5 1,028

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے آئی سی سی کی تاریخ کی عظیم ترین ٹیسٹ الیون میں شمولیت کے اعزاز کو اپنی مرحومہ اہلیہ ہما وسیم کے نام کر دیا ہے۔

وسیم اکرم عظیم ترین الیون کا حصہ بننے والے واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں

معروف ٹیلی وژن چینل سماء سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمولیت کو پورے پاکستان کے لیے ایک اعزاز قرار دیا۔

وسیم اکرم نے کہا کہ وہ دنیائے کرکٹ میں جس مقام تک پہنچے وہ لوگوں کی دعاؤں اور ان کی اہلیہ ہما وسیم کی مرہون منت تھا۔ وسیم اکرم نے ان تمام افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے کیریئر کے مشکل مراحل پر ان کا ساتھ دیا۔

وسیم اکرم 2 ہزار ویں ٹیسٹ کے جشن کے سلسلے میں شائقین کی منتخب کردہ عظیم ترین ٹیسٹ الیون میں شامنل ہونے والے واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ اس ٹیم میں ان کا نام سنیل گواسکر، ڈان بریڈمین، سچن ٹنڈولکر، برائن لارا، شین وارن، کرٹلی ایمبروز اور گلین میک گرا جیسے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ شامل ہے۔ شائقین نے وسیم اکرم کو پاکستان کے عظیم کھلاڑیوں عمران خان اور جاوید میانداد پر ترجیح دیتے ہوئے منتخب کیا ہے۔

وسیم اکرم نے ٹیسٹ کیریئر میں 414 اور ایک روزہ کرکٹ میں 502 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں کئی ماہرین کی جانب سے بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والا تاریخ کا عظیم ترین گیند باز تسلیم کیا جاتا ہے۔