آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز؛ دلشان سری لنکا کےکپتان برقرار

1 1,013

اگلے ماہ ستمبر میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے سری لنکا نے موجودہ قائد تلکارتنے دلشان کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا ہے. اس اعلان کے ساتھ ہی سری لنکا نے محدود اوورز کے مرحلے کے لیے 20 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بھی کیا ہے جس میں سے حتمی دستہ منتخب کیا جائے گا.

تلکرتنے دلشان آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں سری لنکا کی قیادت کریں گے

اعلان کردہ غیر حتمی فہرست میں انگلستان میں ایک روزہ مرحلے میں نائب کپتان کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے تھلینا کنڈامبی شامل نہیں ہیں. ان کے علاوہ دلہارا فرنانڈو بھی دستے میں شامل نہیں ہیں جو انگلستان کے خلاف حالیہ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں زخمی ہو گئے تھے اور ایک روزہ مرحلے کھیلنے سے محروم رہے. 20 رکنی دستے میں شامل واحد نئے کھلاڑی آف اسپنر سچیتھرا سینانائیکے ہیں.

سری لنکا اگلے ماہ سے آسٹریلیا کے خلاف 5 ایک روزہ، دو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے اور تین ٹیسٹ میچز کھیلے گا۔ سیریز کا آغاز 6 اگست کو پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے سے ہوگا. واضح رہے کہ دلشان کو عالمی کپ 2011ء کے فائنل میں شکست کے بعد قیادت سے استعفی دینے والے کمار سنگاکارا کی جگہ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا.

سری لنکا کا حتمی دستہ ان 20 کھلاڑیوں میں سے منتخب کیا جائے گا:
تلکارتنے دلشان (کپتان)، اجنتھا مینڈس، اسورو اودانا، اینجلو میتھیوز، تھیسارا پیریرا، جیون مینڈس، چمارا سلوا، چمارا کاپوگیدرا، دنیش چندیمال، دیموتھ کرونارتنے، دھمیکا پرساد، رنگانا ہیراتھ، سچیتھرا سینانائیکے، سورج رندیو، سورنگا لکمل، کمار سنگاکارا، لاستھ مالنگا، مالنگا بندرا، مہیلا جے وردھنے اور نووان کولاسیکرا۔