عالمی درجہ بندی؛ ٹراٹ اور اینڈرسن نے دوسری پوزیشن حاصل کر لی

1 1,034

انگلستان کے جوناتھن ٹراٹ اور جیمز اینڈرسن اعلیٰ کارکردگی کے مظاہرے کے بعد آئی سی سی کی بین الاقوامی درجہ بندی میں دوسری پوزیشنوں پر قابض ہو گئے ہیں۔

جیمز اینڈرسن کی تباہ کن باؤلنگ انگلستان کی فتح کا اہم سبب تھی

بھارت اور انگلستان کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے بعد تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے مطابق بلے بازوں میں انگلستان کے جوناتھن ٹراٹ بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا کو پھلانگ کو دوسری پوزیشن پر قابض ہو گئے ہیں۔ انہوں نے تاریخ کے 2 ہزارویں ٹیسٹ میں 70 اور 22 رنز کی اننگز کھیلیں۔

دوسری جانب اینڈرسن، جنہوں نے مذکورہ میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں اور دوسری اننگز میں 65 رنز دے کر 5 حریف کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا، اپنے ہم وطن گریم سوان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

کیون پیٹرسن جن کی پہلی اننگز کی شاندار ڈبل سنچری انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دینے کا سبب بنی ایک مرتبہ پھر سرفہرست 20 کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ وہ 14 درجے پھلانگ کو 15 ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں جہاں پہلی اننگز کی سنچری کی بدولت 7 درجے پھلانگنے والے راہول ڈریوڈ ان کے ساتھ ہیں۔

میچ میں چار وکٹیں حاصل کرنے والے انگلستان کے کرس ٹریملٹ 4 درجے پھلانگ کو کیریئر کی بہترین نویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ اسٹورٹ براڈ 11 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

میچ میں ناقص کارکردگی بھارت کے ہربھجن سنگھ کو ٹاپ ٹین میں سے باہر کر دینے کا سبب بنی ہے جو 4 درجے تنزلی کے بعد اب براڈ کے ساتھ گیارہویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

البتہ بھارت کے دو گیند باز بدستور سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ ظہیر خان چوتھی اور ایشانت شرما ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ جبکہ بلے بازی میں سچن کے علاوہ وی وی ایس لکشمن ساتویں اور وریندر سہواگ 10 ویں پوزیشن پر ہیں۔

ٹیسٹ بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس اور گیند بازوں میں ان کے ہم وطن ڈیل اسٹین بدستور سرفہرست ہیں۔

ٹیسٹ کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی کرک نامہ کا خصوصی صفحہ ملاحظہ کیجیے۔