انگلستان بھارت سے عالمی نمبر ایک پوزیشن چھین لے گا؛ جیفری بائیکاٹ

1 1,021

انگلستان کے سابق کھلاڑی اور معروف کمنٹیٹر جیفری بائیکاٹ نے کہا ہے کہ وہ بھارت کو انگلستان کے خلاف سیریز میں واپس آتا نہیں دیکھ رہے اور اُن کے خیال میں میزبان انگلستان عالمی درجہ بندی میں سرفہرست پوزیشن حاصل کر لے گا۔

بائیکاٹ بھارت کے باؤلنگ اٹیک کو انگلستان کے لیے پریشان کن نہیں سمجھتے
بائیکاٹ بھارت کے باؤلنگ اٹیک کو انگلستان کے لیے پریشان کن نہیں سمجھتے

معروف برطانوی روزنامے ٹیلی گراف میں لکھے گئے اپنے کالم میں بائیکاٹ کا کہنا ہے کہ میزبان کھلاڑی جوش و جذبے سے سرشار ہیں، ان کا اعتماد بلندیوں کو چھو رہا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ وہ بھارت کو شکست دے کر عالمی نمبر ایک بن سکتے ہیں۔ میں بھارت کو انہیں روکتا نہیں دیکھ رہا اور یہ بہت حیران کن امر ہوگا اگر بھارت جوابی کارروائی کرتے ہوئے انگلستان کو ہرا دے۔

انہوں نے کہا ہے کہ انگلستان اس وقت بہترین پوزیشن میں ہے، اور انہیں لارڈز میں حاصل کردہ برتری کے بل بوتے پر دوسرے ٹیسٹ میں بھارت کو شکست دے کر عالمی نمبر ایک پوزیشن پر بھارت کا قبضہ ختم کر دینا چاہیے۔

بائیکاٹ بھارت کے باؤلنگ اٹیک کو کمزور گردانتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس میں انگلستان کو پریشان کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلے بازی میں دونوں ٹیمیں ہم پلہ ہیں لیکن بھارت کی باؤلنگ انگلستان کے لیے پریشان کن نہیں ہے۔ ظہیر خان ایک معیاری گیند باز ہے لیکن سیریز سے قبل ہی مجھے امید نہ تھی کہ پانچ ہفتوں کے مختصر وقفے میں وہ چار ٹیسٹ میچز کھیل پائے گا۔ اس کی صلاحیتوں سے کبھی انکار نہیں ہے لیکن اس کی فٹنس ہمیشہ پریشان کن معاملہ رہی ہے۔ انہوں نے ہربھجن سنگھ کو بھی اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے کا مشورہ دیا۔

معروف کمنٹیٹر کا ماننا ہے کہ بھارت کے لیے انگلستان کے تباہ کن باؤلنگ اٹیک کا مقابلہ کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگا۔ میں جانتا ہوں کہ سچن ٹنڈولکر لارڈز میں پہلی اننگز میں توقعات کے بوجھ تلے اور دوسری اننگ میں ناسازی طبیعت کی وجہ سے ناکام ہوئے جبکہ گوتم گمبھیر بھی اپنی کہنی زخمی کر بیٹھے ہیں لیکن اس کے باوجود اگر گیند سوئنگ اور سیم ہو تو بھارتی بیٹنگ لائن اپ انگلش اٹیک کی رفتار اور نپی تلی گیندوں کے باعث زبردست پریشان میں آ جائے گی۔

70 سالہ بائیکاٹ نے جیمز اینڈرسن، کرس ٹریملٹ اور اسٹورٹ براڈ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

انگلستان نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھارت کو 196 رنز کی بدترین شکست سے دوچار کیا اور اب دونوں ٹیمیں 29 جولائی سے ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں ہونے والے اگلے مقابلے کے لیے پر تول رہی ہیں۔