انگلستان میں کرکٹ بخار عروج پر، ٹکٹوں کے حصول کے لیے طویل قطاریں

0 1,021

انگلستان بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار فتح کے بعد عالمی نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنے کے مزید قریب آ گیا ہے۔ اس تاریخی موقع کے قریب آتے ہی انگلستان میں کرکٹ بخار اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔ پہلے ٹیسٹ کے آخری روز جہاں میدان میں داخل ہونے کے خواہشمندوں کی طویل قطاریں نظر آئیں، وہیں اب شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹکٹوں کے حصول کی خاطر طویل قطاروں میں کھڑی نظر آ رہی ہے۔

لارڈز ٹیسٹ کے آخری روز شائقین کی طویل قطاریں میدان میں داخل ہوتے دیکھی گئیں
لارڈز ٹیسٹ کے آخری روز شائقین کی طویل قطاریں میدان میں داخل ہوتے دیکھی گئیں

انگلش شائقین اس توقع کے ساتھ اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے کہ وہ بھارت کو زیر کر کے عالمی درجہ بندی میں سرفہرست پوزیشن حاصل کرنے کے قریب پہنچ جائے گی۔

ٹرینٹ برج، ناٹنگھم اور ایجبسٹن، برمنگھم میں ہونے والے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچز تو درکنار اوول، لندن میں ہونے والے آخری ٹیسٹ میچ کے اولین تین روز کے ٹکٹ بھی مکمل طور پر فروخت ہو چکے ہیں۔

برطانیہ کے روزنامہ گارجین کے مطابق ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے اگلے ٹیسٹ کے پہلے دن کے محض چند ٹکٹ باقی بچے ہیں جن کی قیمت 40 پاؤنڈز فی ٹکٹ ہے۔ اس کے علاوہ دوسرے روز کے لیے 60 پاؤنڈز کے اور چوتھے و پانچویں روز کے لیے 30 و 40 پاؤنڈز کے صرف دو عددٹکٹ باقی بچے ہیں۔

10 اگست سے برمنگھم میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں، اور صرف ابتدائی اور دوسرے دن کے چند ٹکٹ باقی بچےہیں۔

آن لائن ٹکٹ بک کروانے کے لیے بھی اس قدر رش ہے کہ اوول کی ویب سائٹ پر ٹکٹ حاصل کرنے کے صفحے کے کھلنے کے لیے شائقین کو 10 منٹ انتظار کرنا پڑ رہا ہے جس کے بعد بھی انہیں سیٹوں کی دستیابی کی صورتحال ہی معلوم ہوتی ہے۔ اوول ٹیسٹ 18 اگست سے شروع ہوگا۔