پاکستان کرکٹ کے مرکزی معاہدوں کا اعلان آج، آفریدی کو کانٹریکٹ نہیں دیا جائے گا: ذرائع

4 1,040

پاکستان کرکٹ کے مرکزی معاہدوں (سینٹرل کانٹریکٹس) کا اعلان آج (جمعرات کو) کیا جا رہا ہے جس میں ممکنہ طور پر شاہد آفریدی شامل نہیں ہوں گے۔

شاہد آفریدی کے بین الاقوامی کیریئر پر بڑا سوالیہ نشان لگ سکتا ہے
شاہد آفریدی کے بین الاقوامی کیریئر پر بڑا سوالیہ نشان لگ سکتا ہے

کرک نامہ کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اگلی ششماہی کے لیے جن کھلاڑیوں سے مرکزی معاہدہ نہیں کیا جائے گا ان میں زیر عتاب شاہد آفریدی اور ریٹائر ہو جانے والے شعیب اختر سمیت کامران اکمل اور عبد الرزاق بھی شامل ہیں۔

مرکزی معاہدے سے محرومی سے شاہد آفریدی کے بین الاقوامی کیریئر پر بہت بڑا سوالیہ نشان لگ سکتا ہے کیونکہ ایک جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اعجاز بٹ واضح الفاظ میں کہہ چکے ہیں کہ شاہد کم از کم ان کے ہوتے ہوئے دوبارہ کپتان نہیں بن سکتے جبکہ دوسری جانب کوچ وقار یونس نے بھی گھما پھرا کر کچھ ایسی ہی بات کی ہے جیسے شاہد کا کیریئر ختم ہو چکا ہے۔ اس صورتحال میں اگر انہیں مرکزی معاہدے سے بھی محروم کیا جاتا ہے تو گویا ان کے بین الاقوامی کیریئر کے خاتمے پر مہر ثبت ہو جائے گی، الا یہ کہ کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ میں وسیع پیمانے پر تبدیلی آئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مرکزی معاہدوں کے اعلان سے قبل بورڈ کی سہ رکنی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر آپریشنز انٹرنیشنل کرکٹ ذاکرخان، ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ انتخاب عالم اور چیئرمین سلیکشن کمیٹی محسن حسن خان نے شرکت کی اور مرکزی معاہدے کے لیے 20 کھلاڑیوں کے ناموں کی حتمی فہرست تشکیل دی۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی نظرِ کرم اس مرتبہ بھی محمد یوسف اور فواد عالم پر نہیں پڑے گی اور دونوں کسی بھی زمرے میں معاہدے سے محروم رہیں گے۔ دوسری جانب دانش کنیریا اور شعیب ملک بھی کسی بھی زمرے میں شامل نہیں ہوں گے۔

مصباح الحق، یونس خان اور عمر گل کو زمرہ اول میں برقرار رکھا جائے گا جبکہ محمد حفیظ، سعید اجمل اور وہاب ریاض کو زمرہ اول میں ترقی دی جائے گی۔ یہ تینوں گزشتہ ششماہی میں زمرہ دوئم کے معاہدے کے حامل تھے۔

عمر اکمل اور عبد الرحمن بدستور زمرہ دوئم میں رہیں گے جبکہ پچھلی مرتبہ کسی بھی معاہدے سے محروم رہنے والے سہیل تنویر اس مرتبہ براہ راست زمرہ دوئم میں نوازے جائیں گے۔ تنویر احمد، توفیق عمر، اظہر علی اور اسد شفیق کو زمرہ سوئم سے ترقی دے کر اِس زمرے میں شامل کیا جائے گا۔

ناقص کارکردگی کے باعث احمد شہزاد کو اگلی ششماہی کے لیے زمرہ سوئم کے معاہدے سے بھی محروم کر دیا جائے گا جبکہ جنید خان اور عدنان اکمل کو برقرار رکھا گیا ہے۔ حالیہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں رمیز راجہ جونیئر اور سہیل خان کو اس مرتبہ قومی کرکٹ ٹیم کے مرکزی معاہدے میں شامل کیا جائے گا۔ زمرہ سوئم کے دیگر کھلاڑیوں میں حماد اعظم، محمد سلمان اور حیران کن طور پر طویل القامت گیند باز محمد عرفان شامل ہوں گے۔

یکم جولائی سے مؤثر اِس معاہدے کے لیے ابتداء میں 35 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی جانی تھی لیکن بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی پاکستان ٹاسک ٹیم کی سفارشات پر عملدرآمد کرتے ہوئےاس فہرست کو مختصر کرتے ہوئے محض 20 تک محدود کر دیا گیا ہے۔ یعنی کہ وظیفے پر رکھے جانے والے 15 کھلاڑیوں کو فارغ کر دیا جائے گا اور صرف تین سرفہرست زمرہ جات کے کھلاڑی ہی بورڈ سے تنخواہ پائیں گے۔

جن کھلاڑیوں کو ممکنہ طور پر مرکزی معاہدوں سے نوازا جائے گا، ان کی زمرہ وار فہرست کچھ یوں ہے:

زمرہ اول: مصباح الحق، یونس خان، عمر گل، محمد حفیظ، سعید اجمل اور وہاب ریاض

زمرہ دوئم: عمر اکمل، عبد الرحمن، سہیل تنویر، تنویر احمد، توفیق عمر، اظہر علی اور اسد شفیق

زمرہ سوئم: جنید خان، عدنان اکمل، رمیز راجہ جونیئر، سہیل خان، حماد اعظم، محمد سلمان اور محمد عرفان