پاکستانی وزیر خارجہ کا دورۂ بھارت؛ پاک-بھارت کرکٹ تعلقات کی بحالی پر زور

1 1,045

بھارت کا دورہ کرنے والی پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے دونوں ممالک میں کرکٹ تعلقات کی جلد بحالی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے پاک بھارت خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کی تجویز بھی پیش کی
پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے پاک بھارت خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کی تجویز بھی پیش کی

اپنے بھارتی ہم منصب ایس ایم کرشن سے ملاقات کے دوران حنا ربانی نے 'اسپورٹس ڈپلومیسی' کی راہ کھولتے ہوئے کہا کہ کرکٹ دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے اور انہیں ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

حنا ربانی نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کا وقت آ چکا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی خواتین ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچز کے انعقاد کی تجویز بھی پیش کی۔

بدھ کو منعقدہ عشائیے میں پاکستانی وزیرخارجہ نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور راجیو شکلا کے ساتھ بھی پاک بھارت کرکٹ کی بحالی پر تبادلۂ خیال کیا۔

بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشن نے کہا کہ بھارت کھیلوں کے میدان میں تعلقات کی بحالی کا خواہشمند ہےاور امید ہے کہ بھارت جلد پاکستانی کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا اور بالکل اسی طرح پاکستان بھی اپنی ٹیم پر بھارت کی میزبانی کرے گا۔

گو کہ جاری کردہ مشترکہ بیان میں کرکٹ کا نام تو نہیں لیا گیا اور اس میں دونوں وزیروں کے کھیلوں کے تعلقات کی بحالی اور ٹورنامنٹس کے انعقاد پر زور دیا گیا ہے لیکن بہرحال پاک بھارت کھیل تعلقات کی معراج کرکٹ ہی ہے۔

2008ء کے ممبئی دہشت گرد حملوں کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان کوئی دوطرفہ سیریز نہیں ہوئی جبکہ پاکستان میں امن و امان کی خراب صورتحال خصوصاً 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے کرکٹ میدان ویران پڑے ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کی خرابی کو سالوں بیت چکے ہیں اور رواں سال اس پر کچھ برف پگھلی ہے اور امید ہے کہ اگلے سال پاک بھارت سیریز وقت پر منعقد ہوگی۔ کرشن نے رواں سال اپریل میں کہا تھا کہ بھارت امن عمل جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے پر بھی رضامند ہے۔ کرشن کے اس بیان پر بھارت میں، خصوصاً ہندوتوا کی علمبردار جماعتوں کی جانب سے، اُنہیں زبردست تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے فیوچر ٹورز پروگرام کے مطابق پاکستان نے مارچ 2012ء میں بھارت کا دورہ کرنا ہے جس میں 3 ٹیسٹ اور 5 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی کے حالیہ سالانہ اجلاس میں پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز نے ایک علیحدہ اجلاس میں دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لیا تھا۔