پی سی بی انٹیگریٹی کمیٹی نے شعیب اور کنیریا کو طلب کر لیا

1 1,035

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انٹیگریٹی کمیٹی نے سابق کپتان شعیب ملک اور دانش کنیریا کو 15 اگست کو طلب کرلیا ہے ۔ کمیٹی کا اجلاس مذکورہ تاریخ کو جسٹس ریٹائرڈ جمشید علی شاہ کی سربراہی میں قذافی سٹیڈیم میں ہوگا۔

شعیب ملک کی واپسی کی راہ ہموار ہوتی دکھائی دے رہی ہے
شعیب ملک کی واپسی کی راہ ہموار ہوتی دکھائی دے رہی ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے اِن اطلاعات کو غلط قرار دیا ہے کہ شعیب ملک کو اُن کے اکاؤنٹ میں ہونے والی 90 ہزار برطانوی پاؤنڈز کی ٹرانزیکشن کے حوالے سے کلیئر قرار دیا جاچکاہے ۔سبحان احمد نے کہا کہ انٹیگریٹی کمیٹی سے کلیئرنس تک شعیب ملک کو ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

تاہم پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دورۂ زمبابوے کے لیے شعیب ملک کا نام متبادل کھلاڑیوں کی فہرست میں اعلیٰ حکومتی شخصیات کے دباؤ پر شامل کیا گیا ہے، جس کا مقصد شعیب ملک کی ٹیم میں واپسی کو مرحلہ وار ممکن بنانا ہے اور 15 اگست کو طلب کیا جانیوالا کمیٹی کا اجلاس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس میں ممکنہ طور پر شعیب ملک کو کلیئرنس دی جائےگی اور دورۂ زمبابوے میں اسکواڈ میں شامل کسی کھلاڑی کی انجری کی صورت میں انہیں 6 متبادل کھلاڑیوں پر ترجیح دیتے ہوئے فوری طور پر ٹیم میں شامل بھی کیا جائے گا ۔

دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے ابتدائی ٹیم میں شامل ہونیوالے اعزاز چیمہ کا نام بھی شاید اسی مقصد کے لیے دورۂ زمبابوے میں شامل کیا گیاہے، تاکہ اُن کی ممکنہ انجری کی صورت میں قرعۂ فال ایک بار پھر شعیب ملک کے نام نکل آئے۔

دوسری جانب لیگ اسپنر دانش کنیریا کو بھی کاؤنٹی کرکٹ میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل اور اس کے بعد لندن پولیس کی تحقیق کے حوالے سے اپنا موقف پیش کرنے کے لیے ایک بار پھر طلب کرلیا گیا ہے ۔تاہم ایسے وقت میں جب وہ بورڈ کے خلاف عدالتی جنگ میں مصروف ہیں ان کی انٹیگریٹی کمیٹی کے سامنے پیشی غیر یقینی دکھائی دیتی ہے۔ دانش کنیریا کا کہنا ہے کہ انٹیگریٹی کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے انہیں بورڈ نے ابھی باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا ہے۔