عالمی کپ 2011ء: کینیڈین دستے کا اعلان

0 1,021

عالمی کپ 2011ء میں اشیش باگائی کینیڈا کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے
کینیڈا نے 2011ء کے عالمی کپ کے لیے اپنے حتمی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت اشیش باگائی کریں گے۔ اپنا پہلا عالمی کپ کھیلنے والے رضوان چیمہ نائب کپتان کے فرائض انجام دیں گے۔ اشیش کے علاوہ ہنری اوسنڈے اور جان ڈیویسن ہی ایسے کھلاڑی ہیں جو اس سے قبل عالمی کپ کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔

ٹیم میں سات ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو کینیڈا کے یوتھ پروگرامز میں سے آئے ہیں جن میں سے چھ انڈر 19 سطح پر ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ یہ چھ کھلاڑی زوبین سرکاری، نتش کمار، ہیرل پٹیل، رووندو گوناسیرزا، پارتھ ڈیسائی اور حمزہ طارق ہیں۔

جمیکا میں پیدا ہونے والے ٹائسن گورڈن کو گو کہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے لیکن اب بھی وہ اپنی کینیڈین شہریت کی تصدیق کے انتظار میں ہیں۔ کرکٹ کینیڈا کو امید ہے کہ آئندہ چند روز میں اس کی تصدیق ہو جائے گی تاہم اگر گورڈن ایسا نہ کر پائے تو ان کی جگہ بیک اپ کھلاڑی کو لے جایا جائے گا۔

ٹیم 26 جنوری کو تربیتی کیمپ میں شرکت کے لیے دبئی روانہ ہوگی اور 8 فروری کو بنگلہ دیش اور انگلستان کے خلاف وارم اپ میچز کے لیے بنگلہ دیش پہنچے گی۔ عالمی کپ 2011ء کے گروپ اے میں شامل کینیڈا اپنا پہلا مقابلہ 20 فروری کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔

اعلان کردہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
اشیش باگائی (کپتان و وکٹ کیپر)، رضوان چیمہ (نائب کپتان)، ہرویر بیدوان، نتش کمار، ہیرل پٹیل، ٹائسن گورڈن، ہنری اوسنڈے، جان ڈیویسن، رووندو گوناسیر ا، پارتھ ڈیسائی، کارل ویتھم، خرم چوہان، جمی ہنسرا، زوبین سرکاری، بالاجی راؤ اور حمزہ طارق۔