بھارتی ارادوں کو دھچکا؛ ہربھجن اور یووراج زخمی ہو کر سیریز سے باہر

1 1,045

انگلستان کے خلاف 2-0 کے خسارے کے شکار بھارت کے دھماکے دار واپسی کے ارادوں کو ایک اور دھچکا پہنچا ہے اور اس کے مرکزی اسپنر ہربھجن سنگھ اور بلے باز یووراج سنگھ پوری سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

ہربھجن سنگھ ناقص فارم کا بھی شکار ہیں اور اب تک سیریز میں صرف 2 وکٹیں حاصل کر سکے ہیں
ہربھجن سنگھ ناقص فارم کا بھی شکار ہیں اور اب تک سیریز میں صرف 2 وکٹیں حاصل کر سکے ہیں

آف اسپنر ہربھجن سنگھ سبب پیٹ کے پٹھوں کے کھنچنے کے سبب اب مزید بھارت کی نمائندگی نہیں کر پائیں گے۔ یہ انجری انہیں ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے دوران ہوئی تھی جس میں عالمی نمبر ایک بھارت کو 319 رنز کی ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ہربھجن کی عدم موجودگی میں بھارتی کرکٹ بورڈ نے پراگیان اوجھا کو طلب کر لیا ہے جبکہ یووراج کی جگہ ویرات کوہلی کو ٹیم میں بلایا گیا ہے۔

مذکورہ انجری کے باعث ہربھجن کم از کم 10 سے 12 دن کے لیے ٹیم سے باہر ہوئے ہیں۔ اس طرح انہیں 100 واں ٹیسٹ کھیلنے کے لیے سال کے آخر تک انتظار کرنا پڑے گا۔ اس وقت بھجی 98 ٹیسٹ کھیل چکے ہیں اور اگر ٹیم سے باہر نہ ہوتے تو اسی سیریز میں اپنے میچز کی سنچری مکمل کر لیتے۔

بھجی اس وقت بدترین فارم کے بھی شکار ہیں جس کا اظہار حالیہ دو ٹیسٹ مقابلوں سے ہوتا ہے جہاں انہوں نے لارڈز میں 218 رنز دے کر 1 اور ٹرینٹ برج میں 69 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کی۔

عالمی درجہ بندی میں بھارت کی سرفہرست پوزیشن کو شدید خطرات لاحق ہیں اور ان خطرات میں مزید اضافہ اہم کھلاڑیوں کی انجریز نے کر دیا ہے۔ ہربھجن کے علاوہ یووراج سنگھ کو بھی ٹرینٹ برج میں حریف گیند باز ٹم بریسنن کی ایک شارٹ بال دائیں ہاتھ پر لگی تھی۔ جس سے ان کے بائیں ہاتھ کی شہادت کی انگلی میں فریکچر ہو گیا ہے۔ اس انجری سے صحت یابی میں یووراج کو ایک ماہ لگ سکتا ہے۔

یووراج کی جگہ ویرات کوہلی کو ٹیم میں بلایا گیا ہے جنہیں دورۂ ویسٹ انڈیز میں ناقص کارکردگی کے بعد باہر کر دیا گیا تھا لیکن یووراج کی اچانک انجری نے انہیں دوسرا موقع دیا ہے۔

اس کے علاوہ اوپننگ بلے باز وریندر سہواگ کی فٹنس کے حوالے سے بھی حتمی رپورٹ سامنے آنی ہے جو کندھے کے آپریشن کی وجہ سے ابتدائی دو ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائے تھے۔ ان دونوں کے علاوہ لارڈز ٹیسٹ میں ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے والے ظہیر خان کو ایجبسٹن میں تیسرے ٹیسٹ کے لیے فٹ قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ گوتم گمبھیر بھی ٹیم میں واپس آئیں گے۔

ایجبسٹن، برمنگھم میں تیسرے ٹیسٹ سے قبل بھارت 5 اگست سے نارتھمپٹن شائر کے خلاف 2 روزہ میچ کھیلے گا۔

سیریز میں بھارت 2-0 کے خسارے میں ہے اور اسے عالمی درجہ بندی میں اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے اگلے دونوں میچز میں سے کم از کم ایک میں فتح حاصل کرنا اور دوسرے میں شکست سے بچنا ضروری ہے۔