دورۂ زمبابوے: انتخاب عالم کے بعد معاون کوچ عاقب جاوید کی بھی چھٹی

4 1,064

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورۂ زمبابوے کے لیے انتخاب عالم کے بعد ان کے معاون شاہد عباسی اور معاون کوچ عاقب جاوید کو بھی رخصت کردیا ہے.

مذکورہ تینوں انتظامی اراکین کو "آرام دینے کا فیصلہ" ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی گزشتہ دنوں ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بطور کوچ عاقب جاوید کے کردار کو سراہا تھا جبکہ وقار یونس کو کھلاڑی کو تربیت دینے سے پہلے خود کوچنگ کی تربیت حاصل کرنے کا مشورہ دیا تھا.

انتخاب عالم اور عاقب جاوید دورہ زمبابوے میں پاکستانی ٹیم کے ہمراہ نہیں جائیں گے (فائل فوٹو)

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دورۂ زمبابوے کے لیے ٹیم انتظامیہ کو حتمی شکل چیئرمین اعجاز بٹ نے اجلاس کے دوران دی جس میں عاقب کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں باؤلنگ کوچ ہونے کے باعث اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داری سے سبکدوش کر دیا گیا جبکہ معاون مینیجر شاہد اسلم کو ایک بار پھر معاون ڈائریکٹر ایڈمن کا عہدہ دے دیا گیا ہے.

عاقب جاوید کی سبکدوشی کے بعد وقار یونس پاکستان کرکٹ کے واحد کوچ کی حیثیت سے زمبابوے روانہ ہوں گے جبکہ دیگر منتخب انتظامی اراکین میں نوید اکرم چیمہ منیجر، وسیم احمد سیکیورٹی آفیسر و معاون مینیجر، صبور احمد ٹرینر، عمر فاروق اینالسٹ، ڈاکٹر محمد سہیل فزیوتھراپسٹ اور محمد اختر مساجر شامل ہیں.

دورۂ زمبابوے سے قبل پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ 15 اگست سے لاہور میں شروع ہوگا جبکہ قومی ٹیم 28 اگست کو دورۂ زمبابوے کے لیے روانہ ہوگی. 18 روزہ دورے میں دونوں ممالک کے درمیان ایک ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنی بین الاقوامی مقابلے کھیلے جائیں گے جن کی میزبانی بولا وایو کے کوئینز کلب اور ہرارے کے اسپورٹس کلب کے حصے میں آئی ہے.