ظہیر خان پورے دورۂ انگلستان سے باہر، آر پی سنگھ طلب

0 1,032

بھارت کے تیز گیند باز ظہیر خان ایک اور انجری کا شکار ہونے کے بعد پورے دورۂ انگلستان سے باہر ہو گئے ہیں، یوں مشکلات سے دوچار بھارت کو زبردست دھچکا پہنچا ہے اور سیریز میں واپسی کی اس کی موہوم سی امید بھی ختم ہوتی نظر آ رہی ہے۔

ظہیر خان ہمسٹرنگ کے بعد اب ٹخنے کی انجری کا بھی شکار ہو گئے ہیں؛ بھارتی کرکٹ بورڈ
ظہیر خان ہمسٹرنگ کے بعد اب ٹخنے کی انجری کا بھی شکار ہو گئے ہیں؛ بھارتی کرکٹ بورڈ

بھارت نے 32 سالہ ظہیر خان کے متبادل کے طور پر رودرا پرتاب سنگھ کو طلب کر لیا ہے۔

حیرتناک امر یہ ہے کہ ایک روز قبل ہی بھارت کی قومی سلیکشن کمیٹی نے ان کا نام انگلستان کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں شامل کیا ہے۔ یوں ایک مرتبہ پھر کمیٹی کو خفت کا سامنا کرنا پڑا ہے جو کھلاڑیوں کی فٹنس سے مکمل آگہی حاصل کیے بغیر ٹیم کا اعلان کر دیتا ہے۔

ظہیر خان لارڈز میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوران ہمسٹرنگ کے مسئلے کا شکار ہو گئے تھے اور محض 13 اوورز ہی کرا پائے۔ لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ صرف ہمسٹرنگ کے مسئلے کا شکار نہیں بلکہ ان کے دائيں ٹخنے میں بھی تکلیف ہے جسے جراحی (سرجری) کی ضرورت ہے جس کے بعد انہیں صحت یاب ہونے میں 14 سے 16 ہفتے لگ سکتے ہیں۔

لارڈز ٹیسٹ میں تکلیف کے بعد ظہیر کو ٹرینٹ برج میں آرام کا موقع دیا گیا اور توقع تھی کہ وہ ایجبسٹن میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے لیکن نارتھمپٹن شائر کے خلاف پریکٹس میچ کے دوران وہ محض تین اوورز کرا سکے اور پورے دورے سے باہر ہو گئے۔

ٹیسٹ کے علاوہ دورے کے ایک روزہ مرحلے کے لیے بھی آر پی سنگھ ظہیر کی جگہ لیں گے۔ آر پی 2009ء سے قومی ٹیم کی نمائندگی سے محروم ہیں جبکہ انہوں نے آخری مرتبہ 2008ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ البتہ وہ 2007ء میں بھارت کے آخری دورۂ انگلستان میں ٹیم کا حصہ تھے جب بھارت نے انگلستان کو 1-0 سے زیر کیا تھا۔ مذکورہ سیریز میں آر پی سنگھ نے 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ظہیر کے باہر ہونے کے بعد اب ہربھجن اور یووراج سنگھ کے بعد بھارت ٹیم کے تیسرے مستقل رکن سے محروم ہو گیا ہے۔ اب سیریز واضح طور پر انگلستان کے حق میں پلٹتی دکھائی دے رہی ہے۔ اب اگلے دونوں ٹیسٹ میچز میں بھی بھارت کو مشکلات کا سامنا ہوگا کیونکہ انگلستان کی مضبوط بیٹنگ کے خلاف اس کا باؤلنگ اٹیک ناتجربہ کار گیند بازوں پر مشتمل ہے۔