مالنگا پہلا ایک روزہ نہیں کھیل پائیں گے

1 1,016

سری لنکا کے تیز گیند باز لاستھ مالنگا آسٹریلیا کے خلاف آج (بدھ کو) کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔

لاستھ مالنگا کمر کے درد کے باعث دونوں ٹی ٹوئنٹی بھی نہیں کھیل پائے تھے
لاستھ مالنگا کمر کے درد کے باعث دونوں ٹی ٹوئنٹی بھی نہیں کھیل پائے تھے

مالنگا کا نام ایک روزہ سیریز کے ابتدائی تین مقابلوں کے لیے اعلان کردہ سری لنکا کے 16 رکنی دستے میں شامل ہے۔ وہ اپنی کمر کے درد کے باعث 2 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت نہیں کر پائے تھے۔

سری لنکا کرکٹ کے چیئرمین سلیکٹرز دلیپ مینڈس نے کہا ہے کہ گو کہ مالنگا کا نام دستے میں شامل ہے تاہم ٹیم کے فزیوتھراپسٹ کی جانب سے انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلیکشن پینل ابتدائی تینوں مقابلوں میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گا اور اگر ضرورت پڑی تو آخری دو ایک روزہ مقابلوں کے لیے ٹیم میں تبدیلی لائے جائے گی۔

رواں سال اپریل میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے مالنگا نے ایک روزہ دستے میں شمولیت سے قبل نیٹ میں باؤلنگ کر کے اپنی صحت یابی کی جانب پیشرفت کا مظاہرہ کیا جس کی بنیاد پر انہیں ابتدائی تین ایک روزہ میچز کے لیے منتخب کیا گیا۔