تیسرا ٹیسٹ جیت کر قوم کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا چاہتے ہیں؛ اینڈریو اسٹراس

1 1,010

انگلستان کے کپتان اینڈریو اسٹراس نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف تیسرا ٹیسٹ میچ جیت کر وہ ہنگاموں سے متاثرہ برطانوی باشندوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا چاہتے ہیں۔

اسٹراس کی نظریں تیسرا ٹیسٹ جیت کر عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مرکوز ہیں
اسٹراس کی نظریں تیسرا ٹیسٹ جیت کر عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مرکوز ہیں

انگلستان کے دارالحکومت لندن سے شروع ہونے والے ہنگاموں نے برمنگھم شہر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جہاں انگلستان اور بھارت کے درمیان تیسرا ٹیسٹ آج (بدھ) سے شروع ہو رہا ہے۔ ہنگاموں کے آغاز کے بعد انگلش ٹیم دو دن سے اپنے ہوٹل میں محصول ہے۔ تاہم اسٹراس کا کہنا ہے کہ یہ ہنگامے ان کی ٹیم کی اگلے میچ میں فتح پر مرکوز توجہ کو نہیں ہٹا سکتے، جہاں فتح اسے ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست پوزیشن دلا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ موقع ہے کہ کرکٹ اخبارات میں کوئی اچھی خبر بھی سامنے لا سکے اور بتا سکے کہ موجودہ صورتحال میں سب برا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کےلیے ہر گز کوئی قابل فخر لمحہ نہیں ہے، ٹیلی وژن پر ہولناک مناظر نظر آ رہے ہيں، یہ سب مناظر دیکھنا بہت مایوس کن ہے لیکن اس صورتحال نے ہماری تیاریوں کو متاثر نہیں کیا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ان افواہوں کی تردید کی ہے کہ بھارت و انگلستان کے درمیان تیسرا ٹیسٹ منسوخ کیا جا رہا ہے اور کہا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔