اعجاز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ

8 1,025

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق مڈل آرڈر بیٹسمین و فیلڈنگ کوچ اعجاز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کنسلٹنٹ بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اعجاز احمد ممکنہ طور پر دورۂ زمبابوے میں نئی ذمہ داری سنبھالیں گے
اعجاز احمد ممکنہ طور پر دورۂ زمبابوے میں نئی ذمہ داری سنبھالیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ عالمی کپ 2011ء کے بعد سے ایک بیٹنگ کوچ کی تلاش میں ہے جبکہ سابق کپتان جاوید میاں داد کے انکار کے بعد پی سی بی حکام نے اس معاملے کو ترک کرکے انتظامی امور میں بہتری کے لئے کام شروع کردیا تھا۔ اس دوران کوچ وقار یونس کے بولر ہونے کے باعث عاقب جاوید کی اسسٹنٹ کوچ تقرری پر تنقید کو بورڈ نے سنجیدہ لیتے ہوئے عاقب جاوید کو ان کے عہدے سے ہٹادیا تھا ۔اس حوالے سے پی سی بی کے ایک اہم ذریعے نے بتایا ہے کہ عاقب جاوید کو ہٹائے جانے کے بعد کرکٹ بورڈ حکام نے تشویش ظاہر کی کہ کوچ وقار یونس ایک بولر ہیں اور وہ قومی ٹیم کے لئے گیم پلان،فیلڈنگ اور دیگر امور پر ہی توجہ دے سکتے ہیں جب کہ قومی ٹیم کی بیٹنگ خامیاں دور کرنا ان کے بس کی بھی بات نہیں اس لئے ایک بیٹنگ کنسلٹنٹ کی اشد ضرورت ہے ۔جس پر حکام نے مشاورت کے بعد سابق اسٹار مڈل آرڈر بیٹسمین اعجاز احمد کو قومی ٹیم کا بیٹنگ کنسلٹنٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعجاز احمد کے قریبی ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اعجاز احمد اگلے ہفتے لاہور میں دورہ زمبابوے کی تیاریوں کے لگائے جانے والے کیمپ میں قومی ٹیم کے بیٹسمینوں کو بیٹنگ کی ٹپس دیں گے جب کہ فی الوقت وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

ورلڈ کپ کے دوران اعجاز احمد نے ایک مقامی روزنامے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ جب وہ پاکستان اے ٹیم کے کوچ تھے تو انہوں نے نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق کو بیٹنگ کی خصوصی تربیت دی اور اسد شفیق بھی ان کو اپنا استاد مانتے ہیں۔